مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق معیاری ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے ،فنی و ووکیشنل کے تمام اداروں کو ایک اتھارٹی تلے یکجا کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں،فیکٹریوں میں فنی تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کی اپرنٹس شپ پر خصوصی توجہ دی جائے ،سٹیرنگ کمیٹی سکل ڈویلپمنٹ کے حوالے سے جامع منصوبہ پیش کرے

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریفکا ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب

بدھ 11 نومبر 2015 22:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 نومبر۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے ہدایت کی ہے کہ ملکی اور غیر ملکی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق معیاری ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے ۔فنی و ووکیشنل کے تمام اداروں کو ایک اتھارٹی تلے یکجا کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں ۔فیکٹریوں میں فنی تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کی اپرنٹس شپ پر خصوصی توجہ دی جائے ۔

فنی اور ووکیشنل تربیت کے اداروں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے نصاب میں ضروری تبدیلیاں بھی کی جائیں ۔سٹیرنگ کمیٹی باقاعدگی سے اجلاس کر کے سکل ڈویلپمنٹ کے حوالے سے جامع منصوبہ پیش کرے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے یہ ہدایات بدھ کویہاں ویڈیولنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پنجاب میں معیاری ہنر مند افرادی قوت کی تیاری اورکھپت کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فنی و ووکیشنل تربیت کے اداروں کی استعداد کار میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے۔آن جاب تربیت کیلئے جامع پلان مرتب کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمے اور ادارے سن لیں اب زبانی جمع خرچ نہیں چلے گا،مجھے نتائج چاہئیں۔وزیراعلیٰ نے فنی اور ووکیشنل تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کا مکمل ڈیٹا جمع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سکل ڈویلپمنٹ کے شعبے کی ترقی کیلئے سٹیرنگ کمیٹی فعال اور متحرک کردارادا کرتے ہوئے تیزی سے اقدامات اٹھائے۔

میں خود بھی ہر ماہ باقاعدگی سے اس ضمن میں اجلاس منعقد کر کے پیش رفت کا جائزہ لوں گا۔صوبائی وزراراجہ اشفاق سرور،محمد شفیق،عائشہ غوث پاشا،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اور متعلقہ حکام کی سول سیکرٹریٹ سے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔

متعلقہ عنوان :