خلیل مہمند کیمرج سکول بڈھ بیر میں علاقہ اقبال ڈے منایا گیا

بدھ 11 نومبر 2015 22:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 نومبر۔2015ء)خلیل مہمند کیمبرج سکول بڈھ بیر کے چئیرمین ڈاکٹر نصیر احمد نے کہا ہے کہ حضرت علامہ اقبال نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے کونے کونے میں ایک جانی پہچانی شحصیت ہیں۔ آپ ایک بلند پایہ مفکر اور باکمال شاعر تھے۔جنہوں نے اپنی شعر و شاعری کے اثر سے امت مسلمہ کو جگاکر دنیا میں بلند ترین مقام حاصل کرنے کیلئے وحد ت اسلامی کے پلیٹ فارم جمع ہونے کاپیغام دیا۔

ان کی شاعری میں جوش و ولولہ ، متانت ،علم و عمل ،صداقت ، عشق رسول ﷺ اور دیگربے شمار اوصاف پائے جاتے ہیں۔آپ نے قومی، اسلامی ، اخلاقی ، معاشرتی ، سماجی ،علمی اورادبی موضوعات کو اپنی شاعری کا محور بنایا اور مسلمانوں کو بیداری کا درس دیا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے خلیل مہمند کیمبرج سکول بڈھ بیر میں یوم اقبال کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ آپ نے نوجوانوں کو تعلیم و تربیت ، انتھک محنت ، سچی لگن اور سر توڑ کو شش کی ضرورت پر زور دیا ۔ آپ اپنے وطن عزیز سے بے پناہ محبت کرتے تھے۔ قائد اعظم اور علامہ اقبال کی کاوشوں اورا ن کی والہانہ جدوجہد کی برکت سے آج ہم آزادی اور خودمختاری کے مزے لوٹ رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم ان کے افکار و نظریات پر عمل پیر ا ہو کر پاکستان کوایک عظیم ریاست بنا سکتے ہیں ۔تقریب میں علاقہ کی علمی و ادبی اور سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی اورنئی نسل کو علامہ اقبال کے نظریات سے آگاہ کرنے کیلئے اس طرح کی تقریبات کے انعقاد پر زور دیا۔