الیکشن کمیشن نے کسان پیکیج کیلئے فنڈز جاری کرنے پر وفاقی سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود خان کو 17 نومبر کو طلب کرلیا

بدھ 11 نومبر 2015 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 نومبر۔2015ء) الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے بعد کسان پیکیج کے لئے فنڈز جاری کرنے پر وفاقی سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود خان کو 17 نومبر کو طلب کرلیا ہے۔ کمیشن کے پانچ رکنی بینچ نے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا خان کی سربراہی میں کسان پیکیج کے لئے فنڈز کے اجراء سے متعلقہ کیس کی سماعت کی۔

سیکرٹری وزارت قومی فوڈ سیکورٹی و تحقیق سیرت اصغر، ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور دیگر اعلیٰ حکام کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔ چیف الیکشن کمشنر نے سماعت کے دوران کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کے بعد فنڈز کا اجراء الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کمیشن کو بتایا کہ کسان پیکیج سالانہ بجٹ کا حصہ ہے اور اس وقت الیکشن شیڈول کا اعلان نہیں ہوا تھا۔

(جاری ہے)

حکومت نے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی۔ قبل ازیں 15 اکتوبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے کسان پیکیج کو کالعدم قرار دینے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو معطل کر دیا تھا اور الیکشن کمیشن کو وہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنے کے لئے کہا تھا۔ 30 ستمبر کو الیکشن کمیشن نے اعلان کیا تھا کہ کسان پیکیج انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ الیکشن کمیشن نے اس پر 3 دسمبر 2015ء تک عمل درآمد روکنے کا فیصلہ دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :