بچوں پر تشدد اور زیادتی کے واقعات کی روک تھام ضروری ہے ‘خلیل طاہر سندھو

حکومت کے ساتھ والدین ،اساتذہ سول سوسائٹی اور میڈیا اہم کردار ادا کرسکتا ہے،صوبائی کمیشن برائے اطفال کا قیام ناگزیر ہے ، مثبت معاشرتی رویوں کو فروغ دیں ‘سیمینار سے خطاب

بدھ 11 نومبر 2015 21:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 نومبر۔2015ء ) وزیر برائے اقلیتی امور و انسانی حقوق پنجاب خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ بچوں پر تشدد اور زیادتی کے واقعات کی روک تھام کے لئے محرکات کے خاتمے کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی ، میڈیا ، والدین اور اساتذہ محکمے کی آگاہی مہم میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں - وہ یہاں مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں محکمہ اقلیتی امور و انسانی حقوق پنجاب کے زیر اہتمام بچوں کے ساتھ تشدد اور زیادتی کی روک تھام کے لئے اقدامات کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کر رہے تھے - سیمینار سے قانون ، پراسیکیوشن ، منصوبہ بندی و ترقیات ، پنجاب یونیورسٹی ، سوشل ورک ، لیبر ، سول سوسائٹی میڈیا اور وفاقی وزارت قانون و انصاف کے نمائندوں کے علاوہ ممبر پنجاب اسمبلی شازیہ طارق ، شکیل آئیوان ، شیزاد منشی اور صوبائی سیکرٹری بشریٰ امان اور دیگر نے بھی شرکت و خطاب کیا - مقررین نے معاشرتی ثقافت ، تعلیم و غربت کے باعث پیدا ہونے والے مسائل ، قوانین پر عملدرآمد ، مانیٹرنگ میکنزم ، میڈیا ، والدین ناور تعلیمی اداروں کے کردار پر روشنی ڈالی - خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں -بطور انسان ان کو تعلیم و صحت اور دیگر حقوق حاصل ہیں - انہوں نے کہا کہ بچوں کے تحفظ کے لئے ہم سب کو مربوط اور مسلسل کوششیں اور میکنزم تشکیل دینے کی ضرورت ہے - انہوں نے کہا کہ صوبائی سطح پر بچوں کے حقوق کے کمیشن کا قیام ناگزیر ہے - انہوں نے کہا کہ نصاب تعلیم کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس میں شہریوں کے بنیادی حقوق اور دمہ داریوں سے متعلق مواد شامل کیا جا رہا ہے - انہوں نے کہا کہ بچوں پر زیادتی کرنے والے کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں - انہوں نے کہا کہ زیادتی کا شکار بچوں کی نفسیاتی بحالی بھی نہایت ضروری ہے - انہوں نے کہا کہ جرم کے محرکات کا خاتمہ بنیادی اہمیت رکھتا ہے - انہوں نے کہا کہ بچوں کو بھی اپنے حقوق و قوانین کا علم ہونا چاہیے - انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ ایسے پروگرام تشکیل دیں جو منفی معاشرتی رویوں کی بجائے مثبت تبدیلی کو فروغ دیں - انہوں نے کہا کہ پاکستان نے انسانی حقوق کے تحفظ کے اقوام متحدہ کے معاہدوں پر دستخط کئے ہیں جن کی روشنی میں ہمیں کنسوریشم بنانے کی ضرورت ہے - انہوں نے کہا کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کی پالیسی کی تشکیل کے لئے محکمانہ سب کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جس کی سفارشات کی روشنی میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اقدامات کئے جائیں گے -

متعلقہ عنوان :