دفاع سے لیکر معاش تک پاکستان خطہ کا مضبوط اور خوشحال ملک ہے اسکی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا‘رانا تنویر حسین

عمران خان اب دھاندلی کی رٹ چھوڑ کر سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور ملکی ترقی میں حکومت کا ساتھ دیں وگرنہ 2018ء کے انتخابات میں انہیں الیکشن لڑنے کیلئے کارکن بھی نہیں ملیں گے‘وفاقی وزیر دفاعی پیدوار سائنس وٹیکنالوجی

بدھ 11 نومبر 2015 21:49

مریدکے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 نومبر۔2015ء) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلہ میں بھی مسلم لیگ( ن) کلین سویپ کر کے ثابت کر دے گی کہ عوام میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کے ساتھ ہیں ۔یونین کونسل 15 شیخوپورہ بیداد مریدکے سے پورے پینل سمیت بلا مقابلہ چیئرمین اور وائس چیئرمین منتخب ہونے والے ن لیگ کے امیدوار چوہدری حماد گجر اور چوہدری اعجاز حیدر بھٹی کے ہمراہ کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا انکی حکومت اتنے ترقیاتی کام کر جائے گی کہ 2018 کے انتخاب میں قوم ن لیگ کو ہی ووٹ دے گی۔

انہوں نے کہا لوڈشیڈنگ خواب بن جائے گی خوشحالی کا ایک ایسا دور شروع ہو رہا ہے جس سے پاکستان اقتصادی اور معاشی اعتبار سے ایشیاء کا ٹائیگر بن جائے گا گوادر سے لیکر سیاچین تک اور کشمیر سے لیکر کراچی تک خوشحالی ہی خوشحالی ہو گی نئے صنعتی ذون بن رہے ہیں لاکھوں افراد کو روز گار ملیں گے چین ایران ، سعودی عرب ، روس ، بیلا روس ، ترقی سمیت کئی ممالک کے سرمایہ کاروں نے پاکستان کا رخ کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ ہماری خارجہ پالیسی اور محنت کا نتیجہ ہے ۔انہوں نے کہا پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر پہلی مرتبہ اس حد تک چلے گئے ہیں کہ عالمی ادارے بھی تسلیم کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا دفاع سے لیکر معاش تک پاکستان خطہ کا مضبوط اور خوشحال ملک ہے اسکی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ انہوں نے کہا عمران خان اب دھاندلی کی رٹ چھوڑ کر سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور ملکی ترقی میں حکومت کا ساتھ دیں وگرنہ 2018ء کے انتخابات میں انہیں الیکشن لڑنے کیلئے کارکن بھی نہیں ملیں گے۔

متعلقہ عنوان :