سول ادارے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں ناکام ہو گئے ، حکومت آرمی چیف کے پیغام کو سمجھے ،گورننس کو بہتر بنائے‘ صاحبزادہ حامد رضا

حکومتی نااہلی کی وجہ سے فوج کی قربانیاں ضائع ہو رہی ہیں، نجکاری کے فیصلے کے خلاف تحریک چلائیں گے ‘ چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا خطاب

بدھ 11 نومبر 2015 21:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 نومبر۔2015ء ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ سول ادارے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں ناکام ہو گئے ہیں، حکومت آرمی چیف کے پیغام کو سمجھے اور گورننس کو بہتر بنائے،حکومتی نااہلی کی وجہ سے فوج کی قربانیاں ضائع ہو رہی ہیں، نجکاری کے فیصلے کے خلاف تحریک چلائیں گے اور واپڈا ملازمین کا ساتھ دیں گے،نیشنل ایکشن پلان کے صرف ان حصوں پر عمل ہوا ہے جس کا تعلق عسکری اداروں سے ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ رضویہ میں مرکزی و صوبائی عہدیداران کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ کرپشن کیسوں پر پیش رفت نہ ہونا المیہ ہے۔مودی کی پالیسیوں سے بھارت ٹکڑے ٹکڑے ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

سپیکر کے انتخاب نے پی پی پی اور ن لیگ کی نورا کشتی ثابت کر دی ہے اور واضح ہو گیا ہے کہ حکومت کے خلاف تحریک انصاف ہی حقیقی اپوزیشن ہے۔

اپوزیشن متحد نہ ہوئی تو حکومتی من مانیاں جاری رہیں گی ۔ اپوزیشن کا گرینڈ الائنس وقت کی اہم ضرورت ہے۔قوم کو عالمی مالیاتی اداروں کا غلام بنانے والے حکمران قومی مجرم ہیں۔ حکومتی نااہلی کی وجہ سے نیکٹا فعال نہیں ہوسکا۔ حکومت نے زلزلہ متاثرین کو لاوارث چھوڑ دیا ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکومت بلدیاتی اداروں کی مالی خود مختاری یقینی بنائے۔بھارت کی مضموم کاروائیوں کو سفارتی سطح پر بے نقاب کیا جائے۔پاکستان کی نظریاتی اسا س کے خلاف سازشیں تیز ہو چکی ہیں۔ الیکشن کمیشن کی کارکردگی مایوس کن ہے۔اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف سازشیں ناکام بنانے کیلئے قومی اتحاد و یکجہتی ضروری ہے۔حکومت نے عوام کو مہنگائی اور بیروزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا ۔

متعلقہ عنوان :