اسلام دشمنوں نے ہمیں فرقہ وارانہ جھگڑوں میں ڈال دیا ہے، اُمت مسلمہ کے اتحاد کیلئے سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا

دربار حضرت پیر ان پیرسید عبدالقادر ؒ گیلانی کے سجادہ نشین آلشیخ سید خالد منصور عبدالقادر الگیلانی کا استقبالیہ سے خطاب

بدھ 11 نومبر 2015 21:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔11 نومبر۔2015ء)آلشیخ سید خالد منصور عبدالقادر الگیلانی نے کہاہے کہ اسلام دشمنوں نے ہمیں فرقہ وارانہ جھگڑوں میں ڈال دیا ہے، اُمت مسلمہ کے اتحاد کیلئے ہم سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ عالم اسلام کی برگزیدہ شخصیت ،کروڑوں مسلمانوں کے روحانی مرکز عالمی روحانی آستانے دربار حضرت پیر ان پیرسید عبدالقادر ؒ گیلانی بغداد (عراق ) کے سجادہ نشین حضرت الشیخ سید خالد منصور عبدالقادر الگیلانی جو پاکستان کے دورے پر ہیں اسلام آباد کلب میں سابق فاقی وزیر وچیئرمین سیرت کونسل پاکستان پیر ڈاکٹر محمد نورالحق قادری کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئے جانے والے استقبالیہ سے خطاب کر رہے تھے ۔

تقریب میں وفاقی وزیر مملکت برائے مذہبی اُمور پیر محمد امین الحسنات شاہ ، پیر شمس الامین قادری پیرآف مانکی شریف ، سنیٹر پیر حافظ عبدالمالک قادری ، چئیرمین مسلم ہینڈز انٹرنیشنل ، پیر سید لخت حسنین شاہ ، پیر محمد سعید ہاشمی ،حلقہ ریاض الجنۃ کے سربراہ آغا سید اسد علی شاہ بخاری، مسلم ہینڈز انٹرنیشنل کے کنٹری ہیڈ صاحبزادہ سید ضیاء النو ر شاہ، صاحبزادہ پیر سعید حسین قادری، صاحبزادہ علامہ محمد عدنان قادری، ناظم اعلیٰ تنظیم اہلسنت علی زمان چشتی، ریجنل ڈائریکٹر مسلم ہینڈز رحیم اﷲ خان، جامعہ جنیدیہ غفوریہ کے ناظم اعلیٰ مولانا احسان اﷲ جنیدی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میزبان تقریب ڈاکٹر پیر محمد نورالحق قادری نے پاکستان کے عوام کی جانب سے بالعموم اور علماء ومشائخ وخانقاہ نشینوں کی جانب سے معزز مہمان کاپاکستان آمد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہماری خوش قسمتی اور خوش بختی ہے کہ عالم اسلام کے اتنے بڑی شخصیت نے پاکستان کا دورہ کیا ہم اُمید رکھتے ہیں کہ انشاء اﷲ تعالیٰ ان کا پاکستان آنا پوری پاکستانی قوم کیلئے باعث خیر وبرکت ہوگا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حضرت الشیخ سید خالد منصور عبدالقادر الگیلانی نے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے اُنکے والہانہ استقبال اور محبت بھری جذبات کا شکریہ ادا کیا انہوں نے کہا کہ میرے بھائی پیر محمد نورالحق قادری، پیر حافظ عبدالمالک قادری اور اُنکا خاندان ہمارے لئے مخدوم ومحترم ہیں انکے خاندان نے دین اسلام کی ترویج واشاعت اور تصوف کے میدان میں بڑی قربانیاں اور قابل قدر خدمات سرانجام دئیے ہیں اور دے رہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ کفری طاقتوں نے ہمیں شیعہ سُنی اور مختلف فرقہ وارانہ ناموں سے تقسیم کردیا ہے۔ وہ ہمارا تماشہ دیکھ رہے ہیں اور ہم ایک دوسرے کا گلہ کاٹ رہے ہیں۔ان فرقہ وارانہ جھگڑوں نے مسلمانوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ اور مسلمانوں کی شوکت اور قوت ختم ہوکر رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا شیعہ ہمارے لئے اُتنے ہی محترم ہیں جتنے سنّی ہیں۔

لیکن افسوس کا مقام ہے ان مسلمانوں میں کفری طاقتوں نے نفرت کا ایسا بیج بو دیا ہے کہ ہم ایک دوسرے کو کافر سمجھ رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں چاہئے کہ ہم اپنے مسلک کو نہ چھوڑیں اور دوسروں کو نہ چھیڑیں اور مسلکی اختلافات کو دلائل سے طے کیا جاسکتاہو توجھگڑو ں تک نہ پہنچایا جائے۔ اگر ہم اس اصول پر کاربند ہوجائیں تو جھگڑو ں کا سلسلہ ختم ہوکر مسلمان پھر سے بھائی بھائی اور باہم شیر وشکر ہوسکتے ہیں اور اپنا کھویاہواوقار حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر مملکت پیر محمد امین الحسنات شاہ نے حکومت پاکستان اور عوام پاکستان کی جانب سے معزز مہمان کا شکریہ ادا کیااور کہا کہ آپ کی آمد بھی ہمارے لئے مبارک ہے اور جو کچھ آپ نے فرمایا ہے میں سمجھتا ہوں کہ یہ ہمارے لئے بہترین نصیحت ہے جس پر عمل کرکے ہم بحیثیت مسلمان مثالی مسلمان ہونے کا ثبوت فراہم کرسکتے ہیں۔اور فرقہ وارانہ جھگڑوں سے بچ سکتے ہیں۔اختتام پر عالم اسلام کی سربلندی اور اتفاق اور اتحاد کیلئے اجتماعی دُعا کی گئی ۔