سوات کے متاثرین زلزلہ میں اب تک 52کروڑ روپے تقسیم ہو چکے ہیں ، 50کروڑ مزیدحاصل کئے جار ہے ہیں جن کو جلد ہی متا ثرین تک پہنچا دیا جائیگا، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی

بدھ 11 نومبر 2015 21:07

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔11 نومبر۔2015ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ سوات کے متاثرین زلزلہ میں اب تک 52کروڑ روپے تقسیم ہو چکے ہیں جبکہ 50کروڑ مزیدحاصل کئے جار ہے ہیں جن کو جلد ہی متا ثرین تک پہنچا دیا جائیگا۔ بریکوٹ میں زلزلہ متاثرین سے بات چیت کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ ابھی تک تحصیل بریکوٹ میں 8کروڑ روپے کی امداد فراہم کی گئی ہے جبکہ کل 12کروڑ روپے کیلئے ڈیمانڈ کی گئی ہے۔

اسی طرح تحصیل کبل کیلئے 6کروڑ روپے حاصل کئے جار ہے ہیں جن میں 3کروڑ روپے متاثرین زلزلہ میں تقسیم ہو چکے ہیں اور باقی رقم بھی تقسیم کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنے حلقہ پی کے 82-کے ہر متاثرہ گھر گئے ہیں اور ان کی مشکلات ،ضروریات اور امداد کے طریقہ کارکاخودجائزہ لیتے رہے ہیں تاکہ بہتر طریقے سے امداد فراہم کی جا سکے۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے اس قدرتی آفت کے دوران امداد کی فراہمی کے سلسلے میں تیز ترین کاروائی کرتے ہوئے متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا ہے جو کہ ماضی کی حکومتوں کے دور کی نسبت ایک تاریخی کارنامہ ہے اور یہ کوئی احسان کی بات نہیں بلکہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کی خدمت اپنی اولین ذمہ داری سمجھتی ہے۔انہوں نے کہاکہ قدرتی آفات میں ہونے والے نقصانات کا ازالہ نا ممک ہے لیکن متاثرین کو اپنے پاؤں پرکھڑا کرنے انہیں بروقت امداد دینے اورانکی حوصلہ افزائی کے سلسلے میں کوئی سستی نہیں برتی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ ایک ہزار لوگوں کو دو دو لاکھ روپے کے چیک فراہم کئے گئے ہیں اورحلقہ میں تقریباً13سو گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے ان کیلئے خیمے اور دیگر ضروری سامان تقسیم کیا جا چکا ہے جبکہ انکی مستقل بحالی کیلئے بھی ہنگامی اقدامات شروع کر دئیے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :