سندھ ،پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے دوران اسلحہ لائسنس معطل ہونگے ،معطل رکھنے کی معیاد کا فیصلہ صوبائی حکومتیں کریں گی،دونوں صوبوں میں فوج کی 56کمپنیاں تعینات کی جائینگی

سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کی صحا فیوں سے غیررسمی گفتگو

بدھ 11 نومبر 2015 20:56

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔11 نومبر۔2015ء) سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے کہا ہے کہ پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے دوران اسلحہ کے لائسنس معطل ہونگے ،سندھ میں فوج کی 16اورپنجاب میں 40کمپنیاں تعینات کی جائیں گی۔ بدھ کو صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخاب کے دوران پنجاب اورسندھ میں اسلحہ لائسنس معطل ہونگے تاہم اسلحہ لائسنسوں کوکتنے روز کے لئے معطل کرنا ہے اس کافیصلہ صوبائی حکومتیں کریں گی ۔

(جاری ہے)

دوسرے مرحلے کے انتخابات میں پاک فوج سول انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔سندھ میں فوج کی 16اورپنجاب میں 40کمپنیاں تعینات کی جائیں گی ۔جہاں پررینجرزہوگی وہاں آرمی تیسرے نمبرپرہوگی حساس ترین پولنگ اسٹیشنوں پررینجرز کے دو اہلکارتعینات ہونگے۔پولنگ کے روزدونوں صوبوں میں دفعہ 144کابھی نفاذ کیاجائے گا،پولنگ اسٹیشن کے 2سے 3سومیٹرتک عوام جمع نہیں ہوسکیں گے ۔سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ سانگھڑ،بدین اورحافظ آباد کے اضلاع پرخاص طورپرنظررکھی جائے گی ،اور ان تینوں اضلاع میں پانچ روزقبل ہی فوج کوتعینات کردیاجائیگا۔