بسیارخوری سے اجتناب، ورزش اور دوا کے باقاعدہ استعمال سے ذیابیطس کا مؤثرانداز میں مقابلہ کیا جاسکتا ہے، ذیابیطس کا پاکستان میں تیزی سے پھیلناباعثِ تشویش ہے،صدر مملکت کاذیابیطس کے عالمی دن پر منعقدہ واک کے شرکاء سے خطاب

ممنون حسین کا کبوتر آزاد کرکے واک کا آغاز ،نیلی روشنی جلاکر پاکستان کو ذیابیطس سے پاک ملک بنانے کے عزم کا اعادہ

بدھ 11 نومبر 2015 20:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔11 نومبر۔2015ء) صدرمملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ بسیارخوری سے اجتناب، ورزش، دوا کاباقاعدہ استعمال اور تناؤ سے بچ کر ذیابیطس کا مؤثرانداز میں مقابلہ کیا جاسکتا ہے، ذیابیطس کا پاکستان میں تیزی سے پھیلناباعثِ تشویش ہے۔ وہ بدھ کو ایوان صدر میں ذیابیطس کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ واک کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے ۔

اس واک کی قیادت صدر مملکت نے کی۔اس سے قبل انہوں نے کبوتر آزاد کرکے واک کا آغاز کیا اور نیلی روشنی جلاکر پاکستان کو ذیابیطس سے پاک ملک بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔صدرمملکت ممنون حسین نے کہا کہ ذیابیطس پاکستان میں تیزی سے پھیل رہاہے جو باعثِ تشویش ہے۔ صدرمملکت نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ ذیابطیس بڑھتے کے ہوئے مرض پر قابوپانے کے لیے موثراقدامات کریں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے زور دیا کہ حکومتی اقدامات کے علاوہ عوام کو بھی اپنے طرزِزندگی کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر ممنون حسین نے مزید کہا کہ اس وقت بہت سے ادارے اس مرض کے خاتمے کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ان تمام کا وشوں کو منظم حکمت عملی کے تحت کیا جائے تو زیادہ بہتر نتائج حاصل کرسکتے ہیں۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ ان کاوشوں کا دائرہ کار صرف شہروں تک ہی محدود نہ رکھا جائے بلکہ دیہی اور دوردراز علاقوں تک بھی پھیلا جائے۔

صدر مملکت نے خواتین سے کہا کہ وہ بہتر منصوبہ بندی کے ذریعے اپنے خاندان کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھ سکتی ہیں۔واک میں میڈیکل کالجوں اور دیگر تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے طا لب علمو ں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد اورشہیدذوالفقار علی بھٹو میڈکل یونیورسٹی کے وائس چانسلرڈاکٹر جاوید اکرم بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :