تمام اداروں کو آئین کی حدود میں رہتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے : حکومتی ترجمان

muhammad ali محمد علی بدھ 11 نومبر 2015 20:16

تمام اداروں کو آئین کی حدود میں رہتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار.11 نومبر 2015 ء) حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام اداروں کو آئین کی حدود میں رہتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔ تفصیلات کے مطابق حکومتی ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کیخلاف حکومتی اقدامات کو وسیع پیمانے پر سراہا اور تسلیم کیا گیا ہے۔ حکومتی اقدامات کو 2 سال سے سراہا جارہا ہے۔

نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد تمام اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ تمام اداروں کو آئین کی حدود میں رہتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔

(جاری ہے)

حکومتی پالیسیوں کا اہم ترین مرکز گڈ گورننس ہے۔ حکومت نے تمام فیصلے کھلے اور شفاف انداز میں کیے۔ حکومت پرعزم ہے کہ بہترین طرز حکمرانی اس کا طرہ امتیاز ہے. تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے دہشت گردی کیخلاف لائحہ عمل کامیاب ہوا ہے جبکہ سب سے زیادہ کریڈٹ عوام کو جاتا ہے جس نے آپریشن کی حمایت کی ۔

دہشت گردی کیخلاف جنگ میں افواج کے افسران ،جوانوں اور پولیس کے جوانوں نے بھی بہادری کی بہترین مثالیں قائم کی ہیں۔ اعلی عدلیہ نے بھی دہشت گردی کیخلاف بھرپور تعاون فراہم کیا ہے جبکہ صوبائی حکومتوں نے بھی اس حوالے سے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔