اے این ایف کی کاروائیوں میں 6ارب 60کروڑروپے مالیت کی 3.9ٹن منشیات برآمد

بدھ 11 نومبر 2015 20:02

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 نومبر۔2015ء) اے این ایف نے ملک کے مختلف حصوں میں5کاروائیوں کے دوران منشیات کی بھاری مقداربرآمدکرلی ،جس میں1.05ٹن ایمفیٹامین،2.87ٹن افیون ، 25.7کلوگرام ہیروئن اور4کلوگرام چرس برآمدکرلی،جنکی مالیت عالمی مارکیٹ میں تقریباً6ارب60کروڑروپے ہے۔مذکورہ کاروائیوں کے دوران منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث3ملزمان کو بھی گرفتارکیاگیا۔

اے این ایف کوئٹہ نے خفیہ اطلاعات پرکامیاب کاروائی عمل میں لاتے ہوئے ضلع پشین کی تحصیل خانوزئی کے علاقے کلی سرخاب کے غیرآبادمقام سے1056کلوگرام ایمفیٹامین اور 2878کلوگرام افیون قبضے میں لے لی۔تفصیلات کے مطابق، منشیات کی یہ کھیپ پلاسٹک کی بوریوں میں بند کرکے آبادی سے دوردشوارگزارپہاڑوں کے درمیان واقع ایک خفیہ مقام پرچھپائی گئی تھی۔

(جاری ہے)

مبینہ طور پرمنشیات کی یہ کھیپ کسی دیگرگروہ کے حوالے کرنے کی غرض سے محفوظ مقام پر رکھی گئی تھی جوبعد ازاں سمند رپار واقع کسی بیرون ملک منزل پرمنتقل کی جانی تھی۔اے این ایف راولپنڈی ائرپورٹ ٹیم نے معمول کی نگرانی کے دوران بینظیربھٹوانٹرنیشنل ائرپورٹ اسلام آبادپربراستہ دوہااٹلی جانیوالی قطرائرلائن کی پروازنمبرQR-633کے سلیمان خان سکنہ سوات نامی مسافرکوتحویل میں لے کر اسکے جوتوں میں مہارت سے چھپائی گئی750گرام ہیروئن برآمدکرلی۔

ایک اور کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی کی ائرپورٹ ٹیم نے سرگودھاکے رہائشی غلام عباس نامی مسافر کوگرفتارکرکے ملزم کے سامان میں چھپائی گئی 1کلوگرام آئس برآمدکرلی ۔ملزم امارات ائرلائن کی پروازنمبرEK-2553سے ابوظہبی روانہ ہوناچاہتاتھا۔اے این ایف لاہور نے میانوالی تلہ گنگ روڈپرواقع نمل کالج کے قریب خیبر ایجنسی کے رہائشی رحیم خان نامی منشیات لانے والے شخص گرفتارکرکے اسکے قبضے سے 4کلوگرام چرس برآمدکرلی۔

ملزم مبینہ طورپرکسی مقامی منشیات فروش کو منشیات فراہمی کی غرض سے میانوالی آیاتھا۔اے این ایف کراچی نے گداپ میں کاروائی کرتے ہوئے شمالی بائی پاس پرواقع الحبیب ریسٹورنٹ کے قریب ایک ہنڈاسوک کارکے خفیہ خانوں سے 25کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی۔تاہم کارمیں سوار ملزمان رات کی تاریکی کافائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :