صوبوں کے ساتھ بہتر تعلقات بناکر رکھنا چاہتے ہیں،سینیٹر پرویز رشید

وفاق اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی سمجھتا ہے اور پورا بھی کر رہا ہے‘ سندھ اور کراچی کے حالات کی بہتری کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات

بدھ 11 نومبر 2015 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 نومبر۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ صوبوں کے ساتھ بہتر تعلقات بناکر رکھنا چاہتے ہیں‘ وفاق اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی سمجھتا ہے اور پورا بھی کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں زلزلہ کے دوران وزیراعظم محمد نواز شریف نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ پرویز خٹک سے بھرپور تعاون کیا ہے اور اسی طرح سندھ کو بھی مطمئن کیا جائے گا کیونکہ ہم تمام صوبوں کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی میں پانی کے منصوبے کیلئے وفاق اب تک سندھ کو 22 ارب روپے ادا کر چکا ہے‘ ہم سندھ اور کراچی کے حالات کی بہتری کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ صوبوں کے پاس اپنے وسائل بھی بہت زیادہ ہیں‘ پنجاب کی طرح سندھ حکومت بھی اپنے وسائل کو استعمال کرے‘ پنجاب میں تمام منصوبے صوبائی حکومت کے ہیں اور کسی بھی منصوبے کیلئے وفاق نے پنجاب کو کوئی پیسا نہیں دیا ہے جبکہ سندھ حکومت کو پانی کے منصوبے کیلئے 22ارب دیئے جا چکے ہیں اور گرین لائن منصوبہ بھی وفاق کا سندھ حکومت کیلئے خالصتاً تحفہ ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں پرویز رشید نے کہا کہ کراچی آپریشن میں حکومت پاکستان نے اپنے ادارے رینجرز کو وہاں تعینات کر رکھا ہے اور کراچی آپریشن میں رینجرز کے تمام تر اخراجات وفاقی حکومت ہی برداشت کر رہی ہے۔