نائیجیریا اور پی اے آر سی زراعت کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھیں گے ‘نائیجیریا اور پی اے آر سی کے درمیان زرعی تعاون بڑھانے کے لیے جلد ہی ایک معاہدے کی یاداشت پر دستخط بھی کیے جائینگے، ڈائریکٹر جنرل این اے آر سی ڈاکٹر محمد عظیم خان کی نائیجیریا کے اعلی سطحی وفد سے گفتگو

نائیجیریا کی حکومت ہر سال 5 زرعی سائنسدانوں کو سکالرشپ بھی مہیا کرے گی، نائیجیرین وفد

بدھ 11 نومبر 2015 19:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 نومبر۔2015ء) ڈائریکٹر جنرل این اے آر سی ڈاکٹر محمد عظیم خان نے کہاہے کہ نائیجیریا اور پی اے آر سی زراعت کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھیں گے ۔دنوں ممالک کے پاس مواقع ، ذرخیز زمین ، تربیت یافتہ انفرادی قوت اور زرعی مقاصد کے لیے استعمال میں لائی جانے والی نئی ٹیکنالوجی کی بہتات ہے۔ وہ بدھ کو یہاں این اے آر سی میں نائیجیریا کے اعلی سطحی وفد کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔

نائیجیریا کا وفد صدرِ مملکت ممنون حسین ، گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب سے الگ الگ ملاقاتیں کرے گا۔ وفد کے دورے سے اس بات کی وضاحت ہوتی ہے کہ نائیجیریا کی حکومت پاکستان کے ساتھ زراعت کے شعبے میں ترقی اور نئی ٹیکنالوجی کو شیئر کرنے کی خواہاں ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر علیو ماگاٹاکرداواماکو، گورنر سوکوٹو سٹیٹ، نائیجیریا نے کہا کہ پی اے آر سی اور نائیجیریا آلو، ٹماٹر اور ہارٹیکلچر سمیت زراعت کے دیگر شعبہ جات میں تعاون کرینگے ۔

انہوں نے کہا کہ نائجیریا گورنمنٹ ہر سال 5 زرعی سائنسدانوں کو سکالرشپ بھی مہیا کرے گی۔ جس سے ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور زرعی تجربات سے استفادہ حاصل کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا نائجیریا اور پی اے آر سی کے درمیان زرعی تعاون بڑھانے کے لیے معاہدے کی یاداشت پر دستخط بھی کیے جائینگے ۔جس کے تحت دونوں ممالک زرعی فروغ میں اپنا بھر پور کردار ادا کر سکیں گے۔

نائیجیریا کے وفد میں عبدالمحمد وماکو، ہون محمد علی، ڈائریکٹر جنرل ہیومن ریسورس، مسٹر ٹکر یحییٰ میگاری ، محمد ادریس گوبر اور مسٹر امینو دلہاتو شامل تھے۔ ڈاکٹر محمد عظیم خان، ڈائریکٹر جنرل این اے آر سی نے وفد کو زرعی شعبہ میں تعاون سے متعلق بریفنگ دی۔ اور نائجیریا کے وفد نے ہارٹیکلچر انسٹیوٹ ، پی جی آر آئی، ٹشو کلچر، ایف ایم آئی اور سویابین فیلڈ ایریا سمیت دیگر سنٹرز کا دورہ کیا۔

اس بات کا بھی اظہار کیا گیا کہ اس قسم کے زرعی تعاون سے دونوں ممالک میں زراعت کے فروغ میں اہم پیش رفت ہو گی۔ فیلڈ کے دورے اور بریفنگ کے دوران سینئر زرعی سائنسدان اور پی اے آر سی کے اعلی عہدیداران جن میں ڈاکٹر ساجد مصطفی، ڈاکٹر زبیر، ڈاکٹر طارق حسن، ڈاکٹر پرویز خالد اور سردار غلام مصطفی، ڈائریکٹر جنرل ،تعلقاتِ عامہ بھی موجود تھے۔