ملک بھر میں چوری اور راہزنی کی وارداتیں پنجاب میں سب سے زیادہ ہوتی ہیں، کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں 48 فیصد ، قتل و دیگر واقعات میں 37 فیصد کمی ہوئی‘وفاقی وزارت داخلہ کا قومی اسمبلی میں تحریری جواب

Zeeshan Haider ذیشان حیدر بدھ 11 نومبر 2015 19:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 نومبر۔2015ء) وفاقی وزارت داخلہ نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ ملک بھر میں چوری اور راہزنی کی وارداتیں پنجاب میں سب سے زیادہ ہوتی ہیں، کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں 48 فیصد جبکہ قتل کے دیگر واقعات میں 37 فیصد کمی ہوئی۔

(جاری ہے)

وزرات کے مطابق گزشتہ پانچ سال کے اعدادوشمار قومی اسمبلی میں پیش کرتے ہوئے وزارت داخلہ نے بتا یا کہ ملک بھر میں چوری کے 3 لاکھ 74 ہزار مقدمات میں سے 3 لاکھ 10 ہزار مقدمات صرف پنجاب میں درج ہوئے، جبکہ راہزنی کی 1 لاکھ 20 ہزار وارداتوں میں سے 93 ہزار پنجاب میں ہوئیں۔

وزرات کے مطابق سندھ میں چوری کے 46 ہزار اور راہ زنی کے 21 ہزار جبکہ خیبر پختونخوا میں چوری کے 8 ہزار اور راہزنی کے 765 مقدمات درج ہوئے۔رینجرز کے کراچی آپریشن کی 10 ستمبر تک کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے وزارت داخلہ نے بتایا کہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں 48 فیصد جبکہ قتل کے دیگر واقعات میں 37 فیصد کمی ہوئی۔