وزارت تجارت نے حکومت کے گڈ گورننس کے دعوؤں کی نفی کرڈالی

ایک جونیئر افسر نے وزارت کے تمام امور اپنے ہاتھ میں لے لئے

بدھ 11 نومبر 2015 18:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 نومبر۔2015ء) وزارت تجارت نے حکومت کے گڈ گورننس کے دعوؤں کی نفی کرڈالی ،ایک جونیئر افسر نے وزارت کے تمام امور اپنے ہاتھ میں لے لئے ، اکثر بیرونی دوروں پر جونیئر افسر وزیر تجارت کے ہمراہ ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے آن لائن کو بتایا ہے کہ وزارت تجارت میں تعینات گریڈ 18 کے جونیئر افسر احسن ریاض چوہدری پر نوازشات کی خصوصی بارش جاری ہے مذکورہ افسر کو گریڈ 19 کی آسامی پر ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان میں ڈیپوٹیشن پر تعینات کردیا گیا ہے جبکہ دوسری جانب وزیر تجارت کے ساتھ خصوصی طور پر ڈائریکٹر کی خدمات سرانجام دے رہا ہے ۔

وزارت کی مہربانی کا یہ عالم ہے کہ وزیر تجارت کا بیرونی دورہ اس وقت تک مکمل نہیں ہوتا جب تک مذکورہ افسر کی سیٹ کنفرم نہ ہوجائے ۔ وزیر تجارت کا تھائی لینڈ کا دورہ ہو یا سری لنکا کا مذکورہ افسر ہمیشہ ہمراہ ہوتا ہے حکومت ایک طرف کفایت شعاری کی باتیں کرتی ہے جبکہ دوسری طرف من پسند افراد کو ساتھ لے جا کر قومی خزانے کا نقصان کیا جارہا ہے