حکومت کی مدبرانہ اقتصادی پالیسیوں کے نتیجے میں ملکی معیشت کی ڈوبتی ناؤ کو سہارا ملاہے‘ گورنر پنجاب

بہت جلد اقتصادی ترقی کے اہداف حاصل کر لئے جائینگے‘ رفیق رجوانہ سے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے وفد کی ملاقات ،وفد کی جانب سے دورہ سعودی عرب کی دعوت بھی قبول کر لی

بدھ 11 نومبر 2015 18:26

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 نومبر۔2015ء)گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ تارکین وطن ہمارے ملک و قوم کا سرمایہ ہیں جو بیرون ملک اقتصادی سرگرمیوں کے ذریعے ملک میں ہر سال اربوں روپے کا زرِمبادلہ بھیج کر معیشت کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ،حکومت کی مدبرانہ اقتصادی پالیسیوں کے نتیجے میں ملکی معیشت کی ڈوبتی ناؤ کو سہارا ملاہے اور بہت جلد اقتصادی ترقی کے اہداف حاصل کر لئے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں فیض رسول کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ملاقات میں چوہدری عنصر گھمن ،ملک عابد اعوان،ڈاکٹر سعید ، عابد خان چیئرمین یو سی 8لاہور اور ولید جٹ نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے پُر کشش مراعات دی جا رہی ہیں خصوصا بیرون ملک پاکستانیوں کی اس حوالے سے حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ تارکیں وطن کے مسائل کے حل کے لئے مربوط کوششیں کی جا رہی ہیں اور اس سلسلے میں اوورسیز پاکستانیوں کے لئے کمیشن کے قیام سے ان کی شکایات کے فوری ازالے میں مدد مل رہی ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے اور سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ دینے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔اس موقع پر سعودی عرب سے آئے وفد نے گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کو سعودی عرب آنے کی دعوت بھی دی ،جو انہوں نے قبول کر لی۔