کوئٹہ تباہی کی جانب گامزن ہے ، پانی تیزی سے نکالے جانے کے سبب زمین سالانہ 10سنٹی میٹر نیچے دھنس رہی ، زلزلہ آنے کے نتیجے میں نقصانات میں اضافے کا خدشہ ہے ،ماہرین ارضیات کاجدید تحقیق میں انکشاف

بدھ 11 نومبر 2015 18:12

کوئٹہ/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 نومبر۔2015ء) 30لاکھ کی آبادی پر مشتمل بلوچستان کا دارالحکومت کوئٹہ تباہی کی جانب گامزن ، زیر زمین پانی تیزی سے نکالے جانے کے سبب سالانہ 10سینٹی میٹر نیچے دھنسنے لگی، زلزلہ آنے کے نتیجے میں نقصانات میں اضافے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق بدھ کو ماہرین ارضیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ کوئٹہ کی زمین سالانہ 10سنٹی میٹر بیٹھ رہی ہے گزشتہ کئی سالوں سے جاری اس عمل کے نتیجے میں اس وقت تک کوئٹہ کی زمین 116سینٹی میٹر بیٹھ چکی ہے۔

ماہرین کی 3رکنی ٹیم کے جدید سائنسی تحقیق میں انکشاف ہوا کہ زمین کے بیٹھنے کی وجہ زمین کی محفوظ سطح سے زیادہ پانی نکالا جانا ہے اور کوئٹہ میں محفوظ سطح سے بے دریغ پانی نکالنے کی وجہ سے پانی کی سطح مزید نیچے ہو گئی ہے۔ماہرین نے کہاکہ پانی کی سطح بلند کرنے کیلئے ڈیمز کی تعمیر ناگزیر ہے۔ماہرارضیات دین محمد کاکڑ نے انتباہ جا ری کیا کہ زیزمین پانی کی سطح بیٹھنے کے باعث خطرات میں اضافہ ہو گیا ہے اور اگر خدانخواستہ زلزلہ آگیا تواس میں دگنے نقصان کا خدشہ ہے۔