مسلمان ہندواور عیسائی سب آپس میں مل کرخوشیاں بانٹیں،پاکستان میں اقلیتی برادری کے حقوق کے مکمل تحفظ کیاجائیگا، ملک میں موجودتمام مذاہب سے تعلق رکھنے والوں کا وزیراعظم ہوں، پاکستان میں رہنے والے ہر شخص کے حقوق یکساں ہیں، ہندو پر کوئی مسلمان ظلم کرے تو ظالم کے خلاف ایکشن لوں گا،کہ آئندہ مجھے ہولی کی تقریب میں بلا کر رنگ پھینکیں ،وزیراعظم نواز شریف کا دیوالی کی تقریب سے خطاب

وزیراعظم کاحیدر آباد میں بھگت کنور میڈیکل کمپلیکس اوربابا گرونانک گوردوارہ کی تعمیرکا اعلان

بدھ 11 نومبر 2015 18:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 نومبر۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے حیدر آباد میں بھگت کنور میڈیکل کمپلیکس اوربابا گرونانک گوردوارہ کی تعمیرکا اعلان کردیا، وزیراعظم نے ہندو برادری سے ہولی میں اپنے اوپررنگ پھینکنے کی خواہش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمان ہندواور عیسائی سب آپس میں مل کرخوشیاں بانٹیں،پاکستان میں اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ کا یقین دلاتا ہوں،پاکستان میں موجودتمام مذاہب سے تعلق رکھنے والوں کا وزیراعظم ہوں، پاکستان میں رہنے والے ہر شخص کے حقوق یکساں ہیں، ہندو پر کوئی مسلمان ظلم کرے تو میں ظالم کے خلاف ایکشن لوں گا۔

وہ بدھ کو یہاں مقامی ہوٹل میں ہندو برادری کی دیوالی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ آئندہ مجھے ایسی جگہ بلائیں جہاں آپ ہولی مناتے ہیں، مجھ پر بھی ایسے ہی رنگ پھینکیں جیسے ایک دوسرے پر پھینکتے ہیں، میں پاکستان میں موجود تمام مذاہب کے لوگوں کا وزیراعظم ہوں، اگر ہندوؤں کے ساتھ کوئی ظلم ہوا ہو اور وہ ظلم کرنے والا کوئی مسلمان ہو تو میں ظلم کرنے والے کے خلاف ایکشن لوں گا کیونکہ مظلوم کا ساتھ دینے کے احکامات ہمارا مذہب اسلام دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوؤں کا تہوار میں آنے کی بہت خوشی ہے، پاکستان کی تمام اقلیتوں کو حقوق کے تحفظ کی یقین دہانی کرواتا ہوں، ہر مذہب مظلوم کا ساتھ دینے کا درس دیتا ہے، ہم سب کو ایک دوسرے کاساتھ دینا چاہیے، ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہونا چاہیے، مسلمان ہندوؤں میں خوشیاں بانٹیں، مسلمان اور ہندو مل کر عیسائیوں میں خوشیاں بانٹیں، سب مل کر ایک دوسرے میں خوشیاں بانٹیں، آپس میں نفرتیں بانٹنے والوں سے اﷲ تعالیٰ ناراض ہوتے ہیں، میں پاکستان میں رہنے والے ہر شہری کا وزیراعظم ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ دیوالی کی خوشیوں میں سب کو شریک کیا جانا چاہیے، اگر دیوالی میں مجھ پر رنگ پھینکا جائے تو خوشی ہو گی، میری ذمہ داری ہے کہ میں سب کے کام آؤں، قوم میں اتحاد و یگانگت پیدا کرنا میرا مشن ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہاکہ حکومت ہمیشہ ظالم کے خلاف اور مظلوم کے ساتھ کھڑی ہو گی، ہندو برادری کے بہت سے مخلص دوست ہماری پارٹی کاحصہ ہیں، دیوالی کے تہوار میں شرکت کی دعوت دیں میں ضرور آؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ دیوالی کے تہوار کی تقریب میں شرکت پر بے حد خوشی ہو رہی ہے۔ دیوالی کاتہوار اندھیرے سے روشنی کا پیغام ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ میں سب کا وزیراعظم ہوں، سب میرے ہیں، میری ذمہ داری ہے کہ میں سب کے کام آؤں، تمام مذاہب کے لوگ ہم آہنگی کو فروغ دیں،اﷲ تعالیٰ تفریق پیدا کرنے سے نہیں خوشیاں بانٹنے سے راضی ہوتے ہیں، خوشیاں اور غم بانٹنے ہوں گے اسی سے اﷲ پاک راضی ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی معاشرے میں ہندو برادری کی بڑی خدمات ہیں، صحت اور کھیل کے شعبے میں اقلیتی برادری نے اہم خدمات انجام دیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے حیدر آباد میں بھگت کنور میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ دیوالی روشنیوں کا تہوارہے، جس کامقصد زندگی سے اندھیرے دور کرنا ہے۔اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے بابا گرونانک گوردوارہ کی تعمیرکا اعلان بھی کیا

متعلقہ عنوان :