حکومت کا سرکلر ڈیٹ کو مقررہ ہدف کے اندر رکھنے کے لئے مختلف بینکوں سے 96 ارب روپے قرض لینے کا فیصلہ

بدھ 11 نومبر 2015 15:23

کراچی((اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 نومبر۔2015ء))حکومت نے سرکلر ڈیٹ کو مقررہ ہدف کے اندر رکھنے کے لئے مختلف بینکوں سے 96 ارب روپے قرض لینے کا فیصلہ کیاہے، آئی ایم ایف سے معاہدے کے تحت سرکلر ڈیٹ 3 سال میں ختم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

عالمی مالیاتی فنڈ سے معاہدے کے تحت حکومت گردشی قرضوں کا حجم 218 ارب روپے سے کم رکھنے کی پابند ہے، تاہم پاور سیکٹر کا گردشی قرض 661 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے، جس میں 326 ارب روپے توانائی شعبے کے اور 335ارب روپے مختلف بینکوں اور پاور ہولڈنگ کمپنیوں کا قرض شامل ہے۔

گردشی قرضوں میں کمی کے لئے حکومت نے بینکوں اور پاور ہوڈنگ کمپنیوں سے مزید قرضہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ مالی سال 2017 تک گردشی قرضوں کا حجم 218 ارب روپے تک لایا جائے گا، جبکہ آئندہ سال اسے 204 ارب روپے پر لایا جائے گا، اور تین سال میں یہ قرضہ بالکل ختم ہوجائے گا۔