پسے ہوئے طبقات کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں ہی شامل نہیں‘ جمشید اقبال چیمہ

بدھ 11 نومبر 2015 15:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 نومبر۔2015ء)تحریک انصاف پنجاب میڈیا ٹاسک فورس کے کنوینر جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ پسے ہوئے طبقات کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں ہی شامل نہیں، حکمران دوہزار میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ سسٹم میں شامل کرنے کے دعوے کر رہے ہیں لیکن لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم ہونے کی بجائے مزید بڑھ گیا ہے ، خیبر پختوانخواہ میں عوام کی زندگیوں میں آسودگی اور فرسودہ نظام کو تبدیل کرنے کیلئے جو اصلاحات لائی گئی ہیں انہیں بین الاقوامی دارے بھی سرا رہے ہیں۔

گزشتہ روز پارٹی دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ پنجاب حکومت بجٹ میں تعلیم ، صحت، پینے کے صاف پانی کے منصوبوں کیلئے اربوں روپے کے فنڈز مختص کرتی ہے لیکن مذکورہ رقم ان شعبوں میں خرچ کرنے کی بجائے میٹرو اور اورنج لائن ٹرین منصوبوں میں جھونکے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت تعلیم اور صحت سمیت عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔

جبکہ پنجاب حکومت کی ساری توجہ اپنی ذاتی تشہیر پرمرکوز ہے ،اگر اشتہار بازی سے بجلی پیدا ہو سکتی تو موجودہ حکومت نے توانائی کے منصوبوں کے حوالے سے جتنے اشتہار جاری کئے ہیں اس سے پاکستان نہ صرف بجلی کی پیداوار میں خود کفیل ہو چکا ہوتا بلکہ ہم دوسرے ممالک کو بھی بجلی فروخت کر رہے ہوتے۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ (ن) لیگ کی حکومت طاقت کے بل بوتے پر اپنی مقبولیت اور شہرت کے نام نہاد دعوے کر رہی ہے ،آئندہ عام انتخابات میں اسے اپنی مقبولیت کا اندازہ ہو جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف عوام کو درپیش مسائل پر بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے او ریہی وجہ ہے کہ پی ٹی آئی حکمرانوں کی آنکھوں میں کھٹکتی ہے ۔