چیئرمین سینٹ کا ایوان بالا میں پوچھے گئے سوالوں کے جواب نہ آنے پر اظہار برہمی

بدھ 11 نومبر 2015 14:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 نومبر۔2015ء) چیئرمین سینٹ رضاربانی نے وزارت داخلہ و انسداد منشیات کی جانب سے سوالات کے جواب نہ دیئے جانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چار ماہ سے اسلام آباد کے تھانوں سے چوری اور ڈکیتی کی ہونے والی وارداتوں کی تفصیلات فراہم نہیں کی جاسکیں ۔ بدھ کو سینٹ کے اجلاس کے دوران وزارت داخلہ و انسداد و منشیات سے متعلق سوالات کے جواب نہ ملنے پر چیئرمین سینٹ نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ چار ماہ پہلے وزارت دکو اسلام آباد کے تھانوں میں چوری اور ڈاکہ زنی کی ہونے والی وارداتوں کے متعلق تفصیلات بتانے کو کہا تھا جو ابھی تک نہیں بتائی جا سکیں اس پر وزیر مملکت برائے داخلہ بلیغ الرحمان نے کہا کہ اسلام آباد کے تھانوں سے معلومات لی تھیں مگر وہ مکمل نہیں تھیں اس لئے جواب نہیں دے سکے ۔

(جاری ہے)

اس دوران سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ وزیر مملکت دو سوالوں کے جواب نہ دیئے جانے کا کہہ رہے ہیں حقیقت میں یہ زیادہ ہیں سینیٹر طلحہ محمود کی جانب سے پوچھے گئے نفاذ اردو کے سوال کے جواب میں کہا کہ اس حوالے سے وفاقی وزیر بین الصوبائی ریاض پیرزادہ کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی بنائی ہے جس میں وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید ، وزیر اعظم کے مشیر عرفان صدیقی ، بیرسٹر ظفرالحق ، رانا تنویر اور سیکرٹری محمد اعظم شامل ہیں اس کمیٹی کا ایک اجلاس 14 ستمبر کو منعقد ہو چکا ہے اس حوالے سے مزید اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔

سینیٹر کرنل(ر) سید طاہر حسین مشہدی کی جانب سے گزشتہ آٹھ سالوں میں ریلوے اسٹیشن کی تجدید و مرمت کے لئے مختص فنڈز اور وزارت ریلوے کی جانب سے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سال کے دوران 160 ملین سے زائد روپے ریلوے اسٹیشن کی مرمت کے لئے مختص کئے گئے ہیں گزشتہ آٹھ سالوں کے دوران وزارت ریلوے نے 78 منصوبے شروع کئے ہیں جس میں 55 نئے اور 23 پہلے سے جاری منصوبے شامل ہیں انہوں نے مزید کہا کہ وزارت ریولے کے گریڈ 20 کے انفراسٹرکچر کے اے جی اس حوالے سے معاملات کو دیکھتے ہیں اس پر سینیٹر عثمان خان کاکڑ نے کہا کہ وزارت کی جانب سے بنائے گئے منصوبوں میں بلوچستان کا ایک منصبہ بھی شامل نہیں ہے چمن اور سبی کے ریلوے اسٹیشن کی بہت اہمیت ہے اس کو بھی جلد تعمیر کیا جانا چاہئے اس پر وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ چمن کا ریلوے سٹیشن اس وقت شروع کیا جائے گا جب افغانستان کی حکومت ریلوے ٹریک بنانے کا سلسلہ شروع کرے گی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے انتظامیہ کو جہاں سے ریونیو زیادہ حاصل ہو رہا ہے اس علاقہ کو زیادہ اہمیت دی جا رہی ہے ۔