سوئی گیس سمیت بجلی ،پانی سیوریج،پارکس،روزگار ،جدید تعلیم ،جدید صحت و دیگر بنیادی حقوق مہیا کیے جائیں‘رضوان کرامت

بدھ 11 نومبر 2015 14:16

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 نومبر۔2015ء) سوئی گیس سمیت بجلی ،پانی سیوریج،پارکس،روزگار ،جدید تعلیم ،جدید صحت و دیگر بنیادی حقوق مہیا کیے جائیں ،میرپور کے لوگ یہاں بھی اور بیرون ملک محنت کر کے بڑے پیمانے پر حکومت کو ٹیکس دے رہے ہیں جبکہ بدلے میں شہریوں کے تمام طرح کے حقوق مہیا کرنا حکمرانوں پر فرض تھا ۔لیکن آج شہری تمام حقوق سے محروم ہیں ۔

جو ظلم و جبر کی انتہا ہے ۔حکومت اور حکمران شہریوں کوتمام حقوق مہیا کریں ورنہ حقوق کی بازیابی کی تحریک سڑکوں پر احتجاج کی شکل میں ہوگی ۔ان خیالات کا اظہار تحفظ حقوق کمیٹی میرپور کے رہنماؤں رضوان کرامت،راشد محمودایڈووکیٹ،محمدعارف ،محمد تنویر،ذوالفقار احمد ،دلپزیر احمد،عبدالحمید ،محمد افضل ،راشد محمود ،سجاد احمد مغل،محمد حنیف مغل،میر آزاد بصیر،اسلم وطنوف ،انجینئر عرفان السلام ،عبدالرؤف مغل ،غلام جیلانی، میر زمان ،سعد انصاری ایڈووکیٹ و دیگر نے میاں محمد ٹاؤن محلہ مستریاں میں تحفظ حقوق بیٹھک سے خطا ب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ دنیا کی تاریخ گواہ ہے کہ حقیقی تاریخ کسی فرد واحد نے مرتب نہیں کی ہے اور نہ ہی اجتماعی سطح کے مسائل کو کسی فرد واحد نے حل کیا ہے ۔بلکہ جہاں بھی مسائل حل ہوتے ہیں ۔وہاں معاشرے کے تمام افراد نے اپنے حصہ کا رول ادا کیا ہے ۔ہر فرد کا کردار شعوری یا لا شعوری طور پر منفی یا مثبت ہوتاہے ۔کوئی فرد یہ نہیں کہہ سکتا کہ وہ غیر جانبدار ہے ۔

یا وہ ظالموں اور غاصبوں کیلئے کردار ادا کر رہا ہوتا ہے ۔جنھوں نے نسل در نسل تمام بنیادی حقوق غصب کر رکھے ہوتے ہیں ۔یا ان ظالموں اور غاصبوں کے خلاف اپنے بنیادی حقوق کی بازیابی کے لیے برسرِ پیکار ہوتا ہے ۔انھوں نے کہا کہ تحفظ حقوق کمیٹی میرپور اس نتیجہ پر پہنچی ہے کہ اگر ہمیں بنیادی حقوق حاصل کرنے ہیں تو ہمیں سب سے پہلے شہریوں کو آگاہ کرنا ہوگا۔کہ ان تمام مسائل کی بنیاد کیا ہے اور وہ کون سی قوتیں ہیں جو شہریوں کو بنیادی حقوق مہیا کرنے میں رکاوٹ ہیں ۔پھر شہریوں کو کس طرح قانون کے دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے مثبت کر دار ادا کر کے غاصب اور جابر قوتوں سے اپنے حقوق بازیاب کروانے ہیں۔

متعلقہ عنوان :