بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پہلے مرحلے والی کوتاہیاں نہ دہرائی جائیں‘ امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے‘ بلدیاتی انتخابات میں امن کی ذمہ داری سکیورٹی اداروں اور صوبوں پر ہے‘ انتخابی عملے اور ووٹرز کا تحفظ یقینی بنایا جائے

چیف الیکشن کمشنر سردار رضا محمد کابلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب

بدھ 11 نومبر 2015 13:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 نومبر۔2015ء) چیف الیکشن کمشنر سردار رضا محمد نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پہلے مرحلے والی کوتاہیاں نہ دہرائی جائیں‘ امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے‘ بلدیاتی انتخابات میں امن کی ذمہ داری سکیورٹی اداروں اور صوبوں پر ہے‘ انتخابی عملے اور ووٹرز کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کو چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا اجلاس میں سیکرٹری دفاع ‘ سیکرٹری داخلہ‘ چیف سیکرٹری سندھ اور پنجاب ‘ آئی جیز سندھ اور پنجاب شریک ہوئے۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں حساس پولنگ سٹیشنز پر فوج تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جہاں جہاں ضرورت ہوئی فوج اور رینجرز تعینات کی جائے گی۔ پنجاب اور سندھ نے فوج اور رینجرز کی تعیناتی کے لئے تحریری درخواست دی ہے۔ فوج تعینات کے لئے حساس علاقوں کی نشاندہی کرلی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اختیارات استعمال کریں۔ الیکشن کمیشن کی معاونت اداروں کی ذمہ داری ہے تمام ادارے امن و امان کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پہلے مرحلے والی کوتاہیاں نہ دہرائی جائیں امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔