صوبے میں تین سالہ سکیم کے تحت پونے چار ارب روپے مالیت کے گندم کے بیج زمینداروں کومفت فراہم کیے جائیں گے ‘ ڈائریکٹر جنرل زراعت

بدھ 11 نومبر 2015 12:56

مردان۔11 نومبر ((اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 نومبر۔2015ء) صوبے میں زراعت کی ترقی اور گندم کے تخم میں خود کفالت کے لئے حکومت خیبر پختونخوا کے انقلابی اقدامات کے تحت مردان میں بھی انصاف فوڈ سیکورٹی پروگرام کا آغاز کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل زراعت قیاش بہادر نے کاشتکاروں میں گندم کے تصدیق شدہ بیجوں کی مفت بوریاں تقسیم کیں۔ ڈسٹرکٹ زرعی افیسر سید سلطان حسین شاہ اور محمد عاصم خان کے علاوہ زمینداروں کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

انہوں نے کہا کہ انصاف فوڈ سیکورٹی پروگرام کا مقصد زیادہ گندم اگاؤ مہم کے ذریعے صوبے کی گندم کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانا ، غریب اور چھوٹے کسانوں میں خوراک کی غیر یقینی دستیابی صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ صوبے میں تین سالہ سکیم میں پونے چار ارب روپے مالیت کے گندم کے بیج زمینداروں کومفت فراہم کیے جاینگے۔

(جاری ہے)

جبکہ اس سال ایک ارب روپے خرچ کئے جائیں گے۔

اس منصوبے کی تکمیل سے صوبے کی گندم کے زیر کاشت رقبہ کا 50فیصد تصدیق شدہ بیج کے زیر کاشت آجائے گا۔ جس سے زمینداروں کی متوقع آمدنی 5ارب روپے ہوگی۔ ضلعی اسسٹنٹ ڈائریکٹر مردان نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ زمینداروں کی درخواستوں کے مطابق 50کلوگرام کے 22527 بوریوں کی ڈیمانڈ تھی۔ ابھی تک 17351 زمینداروں کو بیج جاری کیے گئیے ہیں۔ جسمیں 15088 زمینداروں کو بیج فراہم کیا جاچکا ہے۔

چار گلی کاٹلنگ ، ہاتھیان ، شہباز گڑھی ، طورو ، تخت بھائی اور مردان خاص میں یہ سروسز قائم کئے گئے ہیں۔ جہاں سے لوگوں کو یہ گندم فراہم ہوگی۔ مستحقین کی لسٹ ایک بار مکمل ہونے کے بعد تبدیل نہیں کی جائیگی۔ نئے درخواست گزاروں کو اگلے سال کے پروگرام میں شامل کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ بیج کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی ہوگی۔ تاکہ انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جاسکے۔