فٹبال ورلڈ کپ تحقیقات: جرمن فٹ بال ایسوسی ایشن کے سربراہ مستعفی

بدھ 11 نومبر 2015 12:46

فٹبال ورلڈ کپ تحقیقات: جرمن فٹ بال ایسوسی ایشن کے سربراہ مستعفی

(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 نومبر۔2015ء) جرمن فٹ بال ایسوسی ایشن ’ ڈی ایف بی‘ کے سربراہ وولفگانگ نیرس باخ اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ ڈی ایف بی پر الزام ہے کہ اس نے عالمی کپ کے جرمنی میں انعقاد کے لیے فٹ بال ورلڈ گورننگ باڈی فیفا کو رشوت دی تھی۔نیرس باخ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مستعفی ہوکر وہ ایک ذمہ دارانہ رویے کا ثبوت دے رہے ہیں اور وہ کسی قسم کی بدعنوانی میں ملوث نہیں رہے۔

نیرس باخ کے استعفے کا تعلق 2006ء کے جرمنی میں ہونے والے فٹ بال کے عالمی کپ سے ہے۔ ڈی ایف بی پر الزام ہے کہ اس نے عالمی کپ کے جرمنی میں انعقاد کے لیے غیر قانونی طریقے استعمال کیے ہیں اور اس مقصد کے لیے اس نے فٹ بال ورلڈ گورننگ باڈی فیفا کو رشوت دی تھی۔ نیرس باخ پہلے ہی کہہ چکے ہیں عالمی کپ کے جرمنی میں انعقاد کو خریدا نہیں گیا تھا۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں گزشتہ شام سربراہ نیرس باخ نے جرمن فٹ بال ایسوسی ایشن ’ ڈی ایف بی‘ کے بورڈ کے ساتھ ایک غیرمعمولی میٹینگ کی اور اس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2006 میں جرمنی کی ورلڈ کپ آرگنائزنگ کمیٹی نے فیفا کو 6.7 ملین یورو کی ادائیگی کی تھی اور وہ ادائیگی کے اس معاملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔

مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے نیرس باخ کا کہنا تھا، ”مجھے اس مبینہ ادائیگی کے پس منظر کا بالکل بھی علم نہیں ہے۔ میرے خیال سے وقت آ گیا ہے کہ میں 2006 کے ورلڈ کپ سے جڑے ہوئے واقعات کی سیاسی ذمہ داری قبول کروں۔“ اْن کے مطابق وہ ہمیشہ درست سمت میں کام کرتے رہے ہیں اور وہ کسی بات پر شرمندہ بھی نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا، ”افسوسناک بات یہ ہے کہ نو برس بعد مجھے اْس کارروائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس کے وقوع پذیر ہوتے وقت میں کسی چیز میں ملوث بھی نہیں تھا اور اْس واقعے کی مناسبت سے میرے پاس بہت سے سوالوں کا جواب بھی نہیں ہے۔

“ چونسٹھ سالہ نیرس باخ 2006 میں ورلڈ کپ آرگنائزنگ کمیٹی کے نائب صدر تھے اور ایک سال بعد انہیں ڈی ایف بی کا سیکرٹری جنرل مقرر کر دیا گیا تھا۔یاد رہے جرمن اداروں نے ٹیکس چوری کے الزام میں نیرس باخ، جرمن فٹ بال ایسوسی ایشن کے سابق صدر تھیو سوانسیگر اور سیکرٹری جنرل ہورسٹ شمٹ کے خلاف تحقیقات شروع کر رکھی ہیں اور ابھی چند روز پہلے ہی حکام نے فرینکفرٹ میں واقع جرمن فٹ بال فیڈریشن کے صدر دفتر پر چھاپہ مارا تھا۔

اس کے علاوہ تنظیم سے منسلک متعدد عہدیداروں کے گھروں کی تلاشی بھی لی گئی تھی۔ اس دوران کئی اہم دستاویزات اور کمپیوٹر ڈسکس بھی قبضے میں لی جا چکی ہیں۔ پولیس نے اس کیس کی چھان بین کے لیے وولفگانگ نیرس باخ اور سابق صدر تِھیو سوانسیگر کے گھروں پر بھی چھاپے مارے تھے۔

متعلقہ عنوان :