مصر: لبنان سے لائے گئے قرآن پاک کے رنگین نسخے ضبط

بدھ 11 نومبر 2015 12:45

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 نومبر۔2015ء)مصر کی سب سے بڑی دینی درسگاہ جامعہ الازھر کے اسلامک ریسرچ اکیڈمی نے لبنان سے لائے گئے مختلف رنگوں کے قرآنی نسخے ضبط کرنے کا حکم دیا ہے اور شہریوں سے کہا ہے کہ وہ ایسے نسخوں کو استعمال کرنے سے گریز کریں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق جامعہ الازھر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا لبنان سے لائے گئے قرآن پاک کے نسخوں کو گلابی، سرض، پیرپل، سنہری اور دوسرے رنگوں سے مزین کیا گیا ہے یہ ایسا کرنے سے قرآن پاک کا تقدس مجروح ہوتا ہے۔

جامعہ الازھر کی جانب سے متعلق حکام سے کہا ہے کہ وہ بازاروں اور جامعات میں موجود ایسے تمام قرآنی نسخے جمع کریں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ قرآن پاک کوئی اخبار یا جریدہ نہیں کہ اسے مختلف رنگوں کے ساتھ سجایا جائے۔

(جاری ہے)

ایسا کرنے سے کتاب اللہ کی توہین کا پہلو نکلتا ہے۔جامعہ الازھر کا کہنا ہے کہ کتاب اللہ کے تقدس کا تقاضا ہے کہ اس کے صفحات اور بیرونی جلد کو سادہ رکھا جائے۔

اس پر پھول بوٹوں کی کشیدہ کاری نا مناسب اور قرآن کریم کی توہین کے مترادف ہے۔ قرآن پاک کے نسخوں کی جلد مضبوط اور سادہ ہونی چاہیے تاکہ کتاب اللہ کے تقدس کو قائم رکھا جا سکے۔جامعہ الازھر کے ایک عہدیدار ضیاء الدین محمد کا کہنا ہے کہ لبنان سے لائے گئے قرآن پاک کے رنگین نسخوں کی ضبطی کا فیصلہ حتمی ہے۔ اس فیصلے سے قاہرہ اور ملک کے دوسرے شہروں کے کتب خانوں اور کتابوں کے کاروبار کرنے والوں کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے