انیسہ زیب کا محکمہ معدنیات کو درست سمت میں ڈالنے اور منافع بخش ادارہ بنانے کے عزم کا اظہار

غیر قانونی مائننگ کسی صورت نہیں ہونی چاہیے۔اقدامات نتیجہ خیز اور مقاصد واضح ہونے چاہئیں،متعلقہ حکام کو ہدایات

منگل 10 نومبر 2015 23:03

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 نومبر۔2015ء)خیبر پختونخو کی وزیر برائے معدنی ترقی و محنت انیسہ زیب طاہر خیلی کو منگل کے روز محکمہ معدنیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔سیکرٹری محکمہ معدنیات عطاء الرحمن،ڈائریکٹر جنرل فضل واحد،چیف انسپکٹر مائنز اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیاکہ تمام معاملات و اقدامات میں عوام اور ریاست کے وسیع تر مفاد کو اولین ترجیح حاصل رہنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے معدنی ذخائر معاشی استحکام کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں انہیں نہ صرف ضائع ہونے سے بچانا ہوگا بلکہ ان کے منافع بخش استعمال کو یقینی بنانا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صوبے میں معدنی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ اور سائنسی بنیادوں پر نقشہ جات کی تیاری کے لئے ماہر اور تجربہ کار کنسلٹنٹ ہائیر کریں ۔

(جاری ہے)

انیسہ زیب نے مزید کہا کہ محکمے کو ترقی کی راہ پر ڈالنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے جس کے لئے ایمانداری سے کام کرنا ہوگا۔انہوں نے سٹاف کی کمی اور دیگر مسائل سے متعلق فوری طو ر پر کیس تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محکمانہ ترقی میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کریں گے چاہیے اس کے لئے رولزمیں ترمیم ہی کیوں نہ کرنی پڑے مگر کسی بھی ذمہ دار کی پیشہ ورانہ غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پراسیس کو آسان اور قابل عمل بنائیں تاکہ محکمہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔