ایم ڈی بیت المال کی ہندو برادری کو دیوالی پر مبارکباد

منگل 10 نومبر 2015 22:52

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 نومبر۔2015ء ) منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال بیرسٹر عابد وحید شیخ نے دیوالی کے پر مسرت موقع پر بسنے والی ہندو برادری کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ منگل کو جاری ایک پیغام میں بیرسٹر عابد وحید شیخ نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی میں دوسرے مذاہب کے ساتھ ساتھ ہندو برادری نے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے جن کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت ملک میں بسنے والے تمام مذاہب کے ماننے والوں کو برابری کی سطح پر دیکھتی ہے اور ان کو مساوی حقوق کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے۔ پاکستان بیت المال کا قیام وزیر اعظم محمد نواز شریف کی اسی سوچ کی تکمیل ہے کہ وہ پاکستانی عوام کو بلاتفریق مذہب، جنس ، سیاست اور ذات پات سماجی و معاشی حقوق فراہم کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ ایم ڈی پاکستان بیت المال نے کہا ہے کہ دیوالی ہو یا کوئی اور تہوار پاکستان بیت الما ل نے ہندوؤں کی خوشیوں کودوبالا کرنے کے لیے ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا فرض ادا کرتا رہے گا۔