وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں اڑھائی برس میں ملک کو درست سمت میں گامزن کر دیا، 2013 کے مقابلے میں آج کا پاکستان ترقی، خوشحالی اور بہتری کی جانب بڑھ رہا ہے،2017 میں ہزاروں میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی اراکین صوبائی اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو

منگل 10 نومبر 2015 22:35

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔10 نومبر۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں اڑھائی برس میں ملک کو درست سمت میں گامزن کر دیا ہے اور 2013 کے مقابلے میں آج کا پاکستان ترقی، خوشحالی اور بہتری کی جانب بڑھ رہا ہے۔ آئندہ اڑھائی برس میں ملک کو پرامن، محفوظ اور ترقی یافتہ بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔

ہمارا ہر قدم عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانے کی جانب اٹھ رہا ہے۔وہ منگل کویہاں صوبائی اراکین اسمبلی سے گفتگوکررہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔توانائی کے حصول کیلئے ساہیوال میں 1320 میگا واٹ کے کول پاو رپلانٹس اور بہاولپور میں سولر منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب میں لگنے والے 3600میگا واٹ کے گیس کی بنیاد پر بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں قوم کے 110ارب روپے بچائے گئے ہیں۔ 2017 میں توانائی کے متعدد منصوبے مکمل ہونے سے ہزاروں میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی پالیسیوں کی بدولت غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے۔ ملک سے لوڈشیڈنگ کے اندھیرے دور کرنے میں ہماری مخلصانہ کاوشیں ضرور رنگ لائیں گی۔بجلی کی پیداوار بڑھنے سے بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا اور کاروباری و تجارتی سرگرمیاں فروغ پائیں گی۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں ایم پی اے حاجی عمران ظفر ایم پی اے مہوش سلطانہ اور سابق ایم پی اے حاجی ناصر شامل تھے۔ اس موقع پر ایم پی اے منشاء اﷲ بٹ بھی موجود تھے۔