آصف زرداری کی دیوالی کے موقع پر پاکستان میں مقیم ہندوؤں کو مبارکباد پیش

بین المذاہب ہم آہنگی کو مستحکم کرنے اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی ضرورت ہے،سابق صدر کا دیوالی کے موقع پر پیغام

منگل 10 نومبر 2015 21:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 نومبر۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے دیوالی کے موقع پر پاکستان میں بسنے والے ہندوؤں کو مبارکباد پیش کی ہے اور اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بین المذاہب ہم آہنگی کو مستحکم کرنے اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی اور پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے دیوالی پر ہندوؤں کو مبارکباد دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دیوالی کا تہوار ہمیں اپنے اس عزم کو دوہرانے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیں گے اور اسے مذہبی جنونیت کے خاتمے کے لئے استعمال کریں گے۔ دیوالی روشنیوں کا تہوار ہے جس میں اچھائی برائی پر فتح مند ہوتی ہے اور ہر اچھائی کا ساتھ دیتے ہوئے برائی کو ختم کرنے کی جدوجہد کرتے رہنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہندو اور دیگر تمام اقلیتیں پاکستان کی برابر کی شہری ہیں اور انہیں مساوی حقوق کا حق حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ عہد کرتے ہیں کہ اقوام متحدہ کی قرارداد کا احترام کرتے رہیں گے جس میں یہ وعدہ کیا گیا ہے کہ بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے گا اور بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح اور قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن کے مطابق اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت کرتے رہیں گے اور یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور کا حصہ ہے۔ طارق ورک

متعلقہ عنوان :