وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر سرکاری ہسپتالوں سے چوری شدہ ادویات کے دھندے کے خلاف کریک ڈاؤن شروع

محکمہ صحت اور پولیس کی مشترکہ کارروائی ، جناح ہسپتال سے چوری شدہ 40 لاکھ روپے مالیت کی ادویات برآمد 4 ملزمان گرفتار ‘ وائس چیئر مین چیف منسٹر ٹاسک فورس کی پریس کانفرنس

منگل 10 نومبر 2015 21:25

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر سرکاری ہسپتالوں سے ادویات کی چوری کے دھندے کے خاتمہ کے لئے محکمہ صحت اور پنجاب پولیس نے مشترکہ کریک ڈاؤن شروع کر دیا ، لاہور میں مختلف جگہوں پر چھاپے کے دوران جناح ہسپتال سے چوری شدہ تقریباً 40 لاکھ روپے مالیت کی ادویات قبضہ میں لے کر 4 ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

یہ بات پارلیمانی سیکرٹری صحت اور وائس چیئر مین چیف منسٹر ٹاسک فورس برائے انسداد جعلی ادویات خواجہ عمران نذیر نے ڈی جی ہیلتھ کے دفتر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتائی - خواجہ عمران نذیر نے بتایا کہ محکمہ صحت اور لاہور پولیس نے ایک خفیہ اطلاع پر جوہر ٹاؤن اور تاجپورہ کے علاقے میں چھاپہ مار کر جناح ہسپتال سے چوری شدہ تقریباً 40 لاکھ روپے کی ادویات برآمد کر لی اور واقعہ میں ملوث ملزمان مظہر علی ، الیاس ، محمد جعفر اور محمد قیصر کو گرفتار کر کے تھانہ جوہر ٹاؤن اور تھانہ غازی آباد میں مقدمات درج کرا دئیے ہیں - پریس کانفرنس میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر امجد شہزاد، ایس پی سٹی ہارون جوئیہ ، ڈپٹی سیکرٹری ڈرگ کنٹرول ڈاکٹر محمد امیر ، ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر شوکت وہاب اور متعلقہ ڈرگ انسپکٹرز بھی موجود تھے - خواجہ عمران نذیر نے مزید بتایا کہ ملزمان کی نشاندہی پر لوہاری مارکیٹ میں چھاپہ مار کر چار دکانیں بھی سیل کر دی گئی ہیں جن کے اندر مزید ادویات موجود ہیں جن کی پڑتال کر کے دکانوں میں موجود ادویات کی مالیت کا تعین کیا جائے گا - خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ہسپتالوں سے ادویات کی چوری کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے اور اس غیر قانونی دھندے میں ملوث کسی بھی شخص کو نہیں چھوڑا جائے گا خواہ وہ کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو - خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ PITB کے تعاون سے صوبے میں سرکاری ادویات کا ریکارڈ رکھنے کے لئے ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ ادویات کی خرید اور اس کے استعمال کے حوالے سے ان اور آؤٹ کا مکمل حساب رکھا جا سکے - انہوں نے کہا کہ چند ماہ پہلے جعلی ادویات کے خلاف آپریشن شروع کیا گیا تھا جس میں ایک ارب روپے کی جعلی ادویات قبضہ میں لیکر سینکڑوں افراد کے خلاف مقدمات درج کئے گئے تھے - پارلیمانی سیکرٹری صحت کا کہنا تھا کہ ڈرگ کورٹس سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ وہ مقدمات کے جلد فیصلے کریں تاکہ ملزمان کو جلد سزا مل سکے - انہوں نے کہا کہ چوری شدہ سرکاری ادویات کے دھندے کو ختم کر کے ہی چین لیں گے اور غریبوں کے لئے فراہم کردہ ادویات غریبوں تک پہنچائی جائیں گی۔