پاکستان کا روسی یاک - 130تربیتی بمبار طیاروں کی خریداری میں دلچسپی کا اظہار

منگل 10 نومبر 2015 21:17

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 نومبر۔2015ء) پاکستان کا روسی یاک - 130تربیتی بمبار طیارے کی خریداری میں دلچسپی کا اظہار، یاک- 130طیارہ خصوصی طور پر فلائنگ سکول کے کیڈٹس کوماہر پائلٹ بنانے اور انہیں چوتھی اور پانچویں جنریشن کے طیاروں کے بارے میں مکمل تربیت فراہم کرنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے،پاکستان اس طیارے کو خریدنے والا دوسرا ملک بن جائے گا۔

منگل کو ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے یاک- 130 طیارے کی خریداری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے اس حوالے سے فریقین میں ابتدائی بات چیت ہو چکی ہے۔ روسی صنعتی ذرائع کے مطابق پاکستانی ایئرفورس کے حکام طیارے کے حوالے سے ’’روسوبورونیکسپورٹ‘‘ اور ’’ارکت‘‘ کمپنیوں سے مذاکرات کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق پاکستان نے طیارے کی کارکردگی اور صلاحیتوں کے بارے میں معلومات حاصل کی ہیں اور یاک- 130 طیارے کی دیگر بمبار طیاروں ایف 16 اورجے ایف 17تھنڈر جیسی خصوصیات کے حامل ہونے کا اعتراف کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یاک- 130 طیارہ خصوصی طور پر فلائنگ سکول کے کیڈٹس کو ماہر پائلٹ بنانے اور انہیں چوتھی اور پانچویں جنریشن کے طیاروں کے بارے میں مکمل تربیت فراہم کرنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ طیارے میں تربیتی پرواز کے دوران مختلف موسمی حالات اور لاتعداد جنگی طیاروں کے متشابیہ پرواز کرنے کی صلاحیت بھی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اس روسی طیارے کو خریدنے والا دوسرا ملک بن جائے گا۔ واضح رہے کہ2014 میں روس نے پاکستان کے ساتھ ہتھیاروں کی خریدو فروخت پر پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کیاتھا جس کے بعد روس نے چار Mi-35m ٹرانسپورٹ اور حملہ آور جنگی ہیلی کاپٹرز پاکستان کو دینے کا معاہدہ کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :