آپریشن ضرب عضب دہشت گردی کے خاتمے کی جانب رواں دواں ہے، بہتر نتائج کیلئے گڈ گورننس کی ضرورت ہے،مکمل امن کیلئے طویل المدتی اقدامات کرنا ہوں گے،عارضی بے گھر افراد کی جلد واپسی یقینی بنائی جائے

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کاکور کمانڈر کانفرنس سے خطاب کورکمانڈرز کانفرنس کا ملک میں جاری آپریشنز میں تیزی لانے کا فیصلہ ، آرمی چیف کے آئندہ دور ہ امریکہ کے حوالے سے مشاورت ، حالیہ دورہ سعودی عرب بارے اعتماد میں لیا

منگل 10 نومبر 2015 21:08

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 نومبر۔2015ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آپریشن قوم کے تعاون سے دہشت گردی کے خاتمے کی جانب رواں دواں ہے، بہتر نتائج کیلئے گڈ گورننس کی ضرورت ہے،مکمل امن کیلئے طویل المدتی اقدامات کرنا ہوں گے،عارضی طور پر بے گھر افراد کی جلد واپسی یقینی بنائی جائے۔

وہ منگل کویہاں کور کمانڈر زکانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس میں آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان سمیت متعدد امور پر غورکیا گیا۔اجلاس میں ملک میں جاری آپریشنز میں تیزی لانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں ملک کی اندرونی سکیورٹی کے معاملات بھی زیر غور آئے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اپنے رفقاء کو دورہ سعودی عرب کے حوالے سے اعتماد میں لیا، کانفرنس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے دورہ امریکہ پر بھی بات چیت کی گئی، کور کمانڈر کانفرنس میں نیشنل ایکشن پلان کے اطلاق اور فاٹا اصلاحات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اپنے خطاب میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشنزمیں کامیابیوں پر اظہا ر اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم کی حمایت حاصل ہے، قوم کے تعاون سے دہشت گردی کے خاتمے کی طرف بڑھ رہے ہیں، بہتر نتائج کیلئے قوم میں اتحاد اور گڈ گورننس بہت ضروری ہے۔ اجلاس میں آرمی چیف کے مجوزہ دورہ امریکہ کے دوران پاکستانی موقف پر غور بھی کیا گیا۔ اجلاس میں آپریشن ضرب عضب کے باعث بے گھر قبائلیوں کی اپنے گھروں میں واپسی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ہدایت کی کہ آئی ڈی پیز کی گھروں کو جلد واپسی کو یقینی بنایا جائے۔