کراچی اسٹاک ایکس چینج میں مندی ، سرمایہ کاری مالیت میں84ارب94کروڑ روپے سے زائد کی کمی

مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس378.35پوائنٹس کمی سے 33958.12پوائنٹس پر بند ہوا

منگل 10 نومبر 2015 19:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء) ملک کے سیاسی افق اور اقتصادی محاذ پر کوئی مثبت اطلاع نہ ہونے کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کو زبردست مندی رہی اور کے ایس ای 100انڈیکس بیک وقت 4نفسیاتی حدوں سے گرگیا ۔ سرمایہ کاری مالیت میں84ارب94کروڑ روپے سے زائد کی کمی ،کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت6.56 فیصد کم جبکہ67.32فیصدحصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ۔

حکومتی مالیاتی اداروں ،مقامی بروکریج ہاؤسز اور دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے توانائی، آئل اوربینکنگ سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا۔ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 34359پوائنٹس کی بلند سطح بھی ریکارڈ کیا گیا تاہم فروخت کے دباؤ اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث کے ایس ای 100انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکااور تیزی کے اثرات زائل ہوگئے۔

(جاری ہے)

ماہرین اسٹاک کے مطابق امریکا میں آئندہ ماہ شرح سود بڑھنے کے خدشات اور خام تیل کی عالمی قیمت میں 3 فیصد کی کمی کے اثرات کراچی اسٹاک ایکس چینج کی سرگرمیوں پر بھی مرتب ہوئے ہیں ملک کے سیاسی افق اور اقتصادی محاذ پر کوئی مثبت اطلاع نہ ہونے کے سبب سرمایہ کاری کے بیشتر شعبوں نے محتاط طرز عمل اختیار کیا جس کی وجہ سے مارکیٹ میں مندی دیکھی گئی ۔

مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس378.35پوائنٹس کمی سے 33958.12پوائنٹس پر بند ہوا ۔ مجموعی طور پر352کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ،جن میں سے 91کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ ،237کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ24کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا ۔سرمایہ کاری مالیت میں84ارب،94کروڑ55لاکھ 99ہزار 474روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر 72کھرب1ارب 91کروڑ 24لاکھ 79ہزار 220روپے ہوگئی ۔

منگل کو مجموعی طور پر کاروباری سرگرمیاں20کروڑ52لاکھ73ہزار990شیئرز رہیں جو پیر کے مقابلے میں1کروڑ44لاکھ23ہزار760 شیئرزکم ہیں ،قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے پیکجز لمیٹڈ کے حصص سرفہرست رہے ،جس کے حصص کی قیمت175.55روپے اضافے سے589.97روپے اورگندھارا انڈسٹریز کے حصص کی قیمت11.75روپے اضافے سے 246.84روپے ہوگئی ۔نمایاں کمی باٹا پاک کے حصص میں ریکارڈ کی گئی ،جس کے حصص کی قیمت99.00روپے کمی سے2900.00جبکہ آئی لینڈ ٹیکسٹائل کے حصص کی قیمت39.89روپے کمی سے780.11روپے ہوگئی ۔

منگل کوسوئی سدرن گیس کی سرگرمیاں2کروڑ21لاکھ75ہزار شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں ،جس کے شیئرز کی قیمت1.99روپے کمی سے39.46روپے جبکہ ٹی آر جی پاک لمیٹڈ کی سرگرمیاں1کروڑ93لاکھ16ہزار500 شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں ،جس کے شیئرز کی قیمت2.06روپے کمی سے39.66روپے ہوگئی ۔ کے ایس ای 30انڈیکس366.28پوائنٹس کمی سے 20102.13پوائنٹس ،کے ایم آئی 30انڈیکس776.81پوائنٹس کمی سے 56868.61جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس224.48پوائنٹس کمی سے 23743.99پر بند ہوا ۔

متعلقہ عنوان :