چھاتی کے سرطان جیسی بیماریوں کے خاتمے کے لئے سوشل ٹیبوز توڑنے ہوں گے ‘ڈاکٹر شازیہ قریشی

منگل 10 نومبر 2015 19:34

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء)پنجاب یونیورسٹی لاء کالج کی پرنسپل ڈاکٹر شازیہ نورین قریشی نے کہا ہے کہ خواتین میں چھاتی کے سرطان ایسی بیماریوں کے خاتمے کے لئے سوشل ٹیبوز (دقیانوسی سماجی روایات )کو توڑنا ہو گا۔ وہ پنجاب یونیورسٹی کالج آف ارتھ اینڈ اینوائرمینٹل سائنسز کے زیر اہتمام چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی سیمینار سے خطاب کر رہی تھیں۔

(جاری ہے)

تقریب میں کالج پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید احمد، ہید آف سائیکالوجیکل میڈیسن ڈیپارٹمنٹ جناح ہسپتال لاہور ڈاکٹر روبینہ اسلم ، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شازیہ قریشی نے کہا کہ حقائق کو چھپانے کی بجائے ان کا سامنا کرنا چاہئے کیونکہ مشکلات کا سامنا کئے بغیر انہیں حل نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک میں جہاں بھی مردوں کو آگاہی پروگرام میں شامل کیا گیا ہے وہ ذیادہ کامیابی ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے افراد میں خواتین کے حقوق کے لئے آگاہی ہو تو سب کے لئے اچھا ہو گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر روبینہ اسلم نے کہا کہ نفسیاتی طور پر انسان مضبوط ہو تو بیماریوں سے ذیادہ بہتر طریقے سے نبٹا جا سکتا ہے۔