داؤد فاؤنڈیشن اور حکومت سندھ کے درمیان ماحول کے بارے میں تعلیم دینے پر اتفاق

منگل 10 نومبر 2015 19:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء) داؤد فاؤنڈیشن اور حکومت سندھ کے محکمہ تعلیم و خواندگی کی جانب سے طلبا ء و طالبات کو ماحولیاتی تحفظ کے بارے میں تعلیم دینے کیلئے ایک باہمی تعاون پر مبنی منصوبے کا اعلان کیا گیاہے جس کے تحت کراچی بھر میں80 سرکاری اسکولوں کے طلباء و طالبات کو پاکستان کے نیشنل پارک یعنی مارگلہ کی پہاڑیوں اور چترال گول کے شاندار قدرتی ورثے اور ان کے تحفظ کے مسائل سے متعلق داؤد فاؤنڈیشن کی ا سپانسرشدہ دستاویزی فلمیں دکھائی جائیں گی۔

داؤد فاؤنڈیشن کی سی ای او سبرینا داؤد نے کہا،’’پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث سنگین خطرات سے دوچار ہے اور پاکستانیوں کی ایک بڑی تعدادکو قدرتی آفات کی وجہ سے نقصان اٹھانا پڑا ہے جبکہ متعدد لوگوں کو ان کے روزگار ،جنگلات کی کٹائی کے سبب ان کے گھر اور زندگی ، پانی کی کمی ،زمین کے بنجرپن اور ماحولیاتی آلودگی سے متعلق دیگر مسائل کی وجہ سے خطرات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

‘‘انہوں نے مزید کہا ،’’اس مسئلہ کا حل یہ ہے کہ ہر شہری کراۂ ارض اور اس کے وسائل پراپنے انفرادی اثرات کا جائزہ لے۔ہمارا مقصد طلباء و طالبات میں ذمہ داری کا فوری احساس پیدا کرنا ہے جو ہم اس پروگرام کے ذریعے کرسکیں گے۔‘‘ حکومتِ سندھ کے محکمہ تعلیم و خواندگی کے سیکریٹری ڈاکٹر فضل اﷲ پیچوہو نے کہا ،’’عوام کے درمیان موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا بے حدضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی حلقوں میں دیگر موضوعات پر بہت زیادہ زور دینے کے باعث ماحولیاتی خطرات پرسے توجہ ہٹ گئی ہے چنانچہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی ذمہ داری ہے کہ اس مسئلہ کو منظرعام لانے کی کوشش کریں۔ڈاکٹر پیچوہو نے داؤد فاؤنڈیشن کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدام پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ان دستاویزی فلموں میں دکھائی جانے والی پاکستان کی قدرتی خوبصورتی نوجوانوں کے لئے دلچسپی اور معلومات میں اضافے کا باعث ہے۔

یو این ڈی پی کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے سب سے غیر محفوظ ممالک میں سے ایک ہے۔ماحولیاتی آلودگی کے سبب یہ ملک تیزی سے سیلاب اور دیگر قدرتی آفات سے دوچار ہے جس کے باعث رہائش ،روزگار اور آمدنی میں بھی کمی واقع ہور ہی ہے۔یہ قدرتی آفات عالمی ماحولیاتی تبدیلیوں کے علاوہ ملکی سطح پرماحولیاتی تحفظ کی خراب صورتحال سمیت متعدد عوامل کا نتیجہ ہے ۔

جس کی ایک مثال دنیا بھر کے مقابلے میں پاکستان میں جنگلات کی کٹائی کی شرح سب سے زیادہ ہے۔داؤد فاؤنڈیشن عوام میں قدرتی ماحول کے تحفظ کے بارے میں تعلیم دینے کیلئے تیزی سے کام کررہی ہے ۔ غیر منافع بخش تنظیم اپنی نیچر سیریز مہم کے ذریعے پاکستان بھر کے اسکولوں میں دستاویزی فلمیں دکھانے کے علاوہ عوامی سطح پر تعلیمی پروگرام شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جس کے تحت پاکستان بھر میں 130شہروں اورقصبوں میں موجود ہزاروں افراد کو آگاہی فراہم کی جائے گی ۔