مقبوضہ کشمیر کے لیے بھارتی پیکج دھوکا اور فراڈ ہے ‘انتہا پسندی کی لہر سے بھارت کا فاشسٹ چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے ‘بھارت انتہا پسندی ،ریاستی دہشت گردی اور عدم برداشت کی بدترین مثال بن چکا ہے،مقبوضہ کشمیر کیلئے نریندر مودی پیکج فراڈ ہے

وفاقی وزیر امورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر کابیان

منگل 10 نومبر 2015 18:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 نومبر۔2015ء) گورنر گلگت بلتستان و وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہرنے مقبوضہ کشمیر کے لیے بھارتی وزیر اعظم کے پیکج کو دھوکا اور فراڈ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت کو مقبوضہ کشمیر کے لوگوں اور عوام سے اتنا ہی لگاؤ ہوتا تو وہ اُن کو گزشتہ سا ل کے تباہ کن سیلاب میں بے یارومدد گار نہ چھوڑ دیتے۔

اُنہوں نے کہا کہ نہ صرف بھارت نے کشمیریوں کو سیلاب کی تباہ کاریوں میں بے یارومددگارچھوڑا بلکہ بعد میں کی جانی والی نام نہاد مالی امداد میں بھی مقبوضہ کشمیر کے ساتھ دیگر ریاستوں کے مقابلے میں امتیازی سلوک برتاگیا۔جس سے کشمیر اور مسلما نوں سے متعلق بھارت کے دوہرے معیار اورنفرت کی کھلی عکاسی ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

منگل کو اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ مودی کی انتہا پسندپالیسیاں دُنیا پر عیاں ہو رہی ہیں جس سے بھارت کا اصل فاشسٹ چہرہ بے بقاب ہو گیا ہے ۔

عدم برداشت اور انتہا پسندی کی جو لہر بھارت میں نریندر مودی کی سرپرستی میں چل رہی ہے اُس سے بھارت کے انتہا پسندانہ اور غاصبانہ رویے سے متعلق پاکستانی موقف کو تقویت ملتی ہے۔چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ دُنیایہ جان چکی ہے کہ دوسروں پر دہشت گردی کا راگ الاپنے والا ملک بھارت دراصل خود انتہا پسندی اور ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال بن چکا ہے جس طرح نریندرمودی کے دورے کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کیا گیا اور ہزاروں کشمیریوں کو گرفتار کیا گیا وہ بھارت کی بزدلی اورپسپائی کو ظاہر کرتی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ بھارت اپنی ہٹ دھرم پالیسی کی وجہ سے پورے خطے کی سلامتی کو داؤ پر ڈال رہا ہے ۔آئے دن پاکستان کو سبق سکھانے اور لائن آف کنڑول پر نہتے شہریوں پر فائرنگ کرنے سے وہ پاکستان کو کسی صورت میں ڈرادھمکا نہیں سکتا۔اُ نہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے منفی کردار کو دُنیا کے ہر فورم پر بے نقاب کر رہا ہے اور حال ہی میں پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دینے سے متعلق بھارت کے کردار کے ثبوت اقوام متحدہ میں بھی پیش کیے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ بھارت یہ جان لے کہ کشمیری عوام کسی بھی صورت میں بھارت کے بہلاؤ پھیلاؤ میں نہیں آنے والے ہیں۔ نام نہاد پیکج کے بارے میں ابھی سے متضاد اطلاعات آرہی ہیں کہ مودی نے پہلے سے اعلان شدہ منصوبے بھی حالیہ پیکج میں شامل کر دیے ہیں اس قسم کے دھوکے اور فراڈ سے کشمیریوں کے خون کی سودے بازی ممکن نہیں اور کشمیری عوام استصواب رائے کا اپنا پیدائشی حق بھارت سے چھین کر رہیں گے۔