سابق کر کٹرز نے انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے پاکستان کو فیورٹ قرار دیدیا

منگل 10 نومبر 2015 18:53

سابق کر کٹرز نے انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے پاکستان کو فیورٹ قرار ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 نومبر۔2015ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر محسن خان اور صادق محمد نے انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان کو فیورٹ قرار دیا ہے۔قومی ٹیم کے سابق کوچ محسن خان نے کہا ہے کہ پاکستان بہترین بیٹنگ، اچھے اسپنروں اور سازگار حالات کے باعث مضبوط ہے اور انگلینڈ کو ون ڈے سیریز میں اچھے نتائج کے لیے اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لانا پڑے گا ،حالات پاکستان کے ساتھ ہیں اور انھیں سازگار حالات ون ڈے سیریز تک لے کر جانا چاہیے ۔

دوسری جانب قومی ٹیم کے ایک اورسابق اوپنر صادق محمد نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم کی انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں کامیابی کے امکانات روشن ہیں ، اظہر علی کی فوج کو تمام شعبوں میں حریف پر برتری حاصل ہے۔

(جاری ہے)

تاہم انھوں نے پاکستانی بیٹسمینوں کو خبردار کیا کہ انھیں جلدی بازی کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے اور مختصر طرز کرکٹ میں کامیابی کے لیے اپنے جارحانہ مزاج کو برقرار رکھے۔

صادق محمد کا کہناتھا کہ انگلینڈ کی ٹیم ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد سخت نفسیاتی دباؤ کے زیراثر ہوگی اس لیے پاکستان اس دباؤ کو برقرار رکھے ۔انھوں نے کہاکہ ٹیسٹ سیریز اب تاریخ کا حصہ بن گئی ہے اور ون ڈے سیریز نیا مقابلہ ہوگا۔ان کا کہناتھا کہ ای ین مورگن کی قیادت میں انگلش ٹیم مقامی حالات سے باخبر ہونے کے بعد بہتر کارکردگی کامظاہرہ کرسکتی ہے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ انگلینڈ کے پاس کچھ اچھے آل راؤنڈر ہیں لیکن ان کے لیے ایک اور بڑا چیلنج پاکستانی اسپنروں اور فاسٹ باؤلرز سے نمٹنا ہوگا، "جب تک پاکستان بہت خراب کرکٹ نہیں کھیلتا وہ ون ڈے سیریز ہار نہیں سکتا۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ون ڈے 11 نومبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا، دوسرا میچ ابوظہبی میں ہی 13 نومبر جبکہ تیسرا میچ 17 نومبر کو شارجہ میں کھیلا جائے گا، سیریز کا چوتھا اور آخری ون ڈے میچ 20 نومبر کو دبئی میں کھیلاجائیگا۔

متعلقہ عنوان :