ایم ایس لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی فرعونیت کم نہ ہوئی

مریضوں کی مزید تذلیل کا سلسلہجا ری

منگل 10 نومبر 2015 18:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 نومبر۔2015ء) لیڈی ولنگڈن انتظامیہ کے انتہائی ناروا رویے کی وجہ سے ہسپتال کی سیڑھیوں پر بچے کی پیدائش کے معاملے پر انسانیت کی تذلیل اور پنجاب انتظامیہ کی جگ ہنسائی ہوئی لیکن پھر بھی ایم ایس لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی فرعونیت کم نہ ہوئی اور انہوں نے مریضوں کی مزید تذلیل کا سلسلہ شروع کردیا ہے جس پر مختلف سماجی تنظیموں نے شدید تنقید کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایم ایس لیڈی ولنگڈن ہسپتال کو فوراً تبدیل کریں۔

انجمن رفاہ عامہ شاد باغ، محمد ویلفیئر سوسائٹی قلعہ لچھمن سنگھ، حب رسول ویلفیئر سوسائٹی، ڈف اینڈ ڈم ویلفیئر ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے ایک اجلاس میں ایم ایس لیڈی ولنگڈن ہسپتال کے رویے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ فرعونیت کی ایک نئی داستان رقم کرنے میں مصروف ہیں جبکہ تگڑی سفارشوں کی وجہ سے حکومت نے بھی انہیں کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لیڈی ولنگڈن ہسپتال میں مریضوں کے ساتھ انتہائی ظالمانہ سلوک کیا جاتا ہے اور انہیں مجبور کیا جاتا ہے کہ وہ یا تو اْن کے تجویز کردہ مہنگے پرائیویٹ ہسپتالوں میں ڈلیوری کرائیں یا پھر ان سے قیمتی ادویات منگواکر خردبرد کرلی جاتی ہیں۔ عوام الناس نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے اپیل کی ہے کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور فوری طور پر ایم ایس لیڈی ولنگڈن ہسپتال کے خلاف تادیبی کارروائی کریں۔