تعظیم رسول ﷺ، حرمت رسولﷺ ، محبت رسول ﷺمومن کا سر مایہ ہے، حاجی محمد رفیق پر دیسی

منگل 10 نومبر 2015 17:34

کرا چی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء) برکا تی فاؤنڈیشن کے تحت دارالعلوم برکا تیہ گلشن اقبال میں منعقدہ حرمت رسولﷺ کانفرنس سے محسن اہلسنت چیئرمین وٹرسٹی برکاتی فاؤنڈیشن حاجی محمد رفیق پردیسی نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ تعظیم رسول ﷺ ، محبت رسولﷺ ، حرمت رسول ﷺ،مومن کا سر مایہ ہے۔ایمان کی تکمیل محبت رسول ﷺ سے مشروط ہے اور جب تک ہر چیز سے بڑھ کر رسول اﷲ ﷺ سے محبت نہ کی جائے ایمان کامل نہیں ہوتا تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی ناموس مصطفی پر کوئی مسئلہ پیدا ہواتو عاشقان مصطفی نے بے دریغ قربانیاں دیں اور کبھی اپنی جانوں کی پرواہ نہیں کی کیونکہ حرمت رسول ﷺ سب سے مقدم و اعلیٰ ہے۔

حاجی محمد رفیق پردیسی نے مزید کہا کہ کوئی حکومتی عہدہ لے کر یا کوئی بڑی تعلیمی ڈگری لے کر عقل قل نہیں بن سکتا۔

(جاری ہے)

اہل ایمان کسی بھی عہدیدار اور ذمہ دار کو یہ ہر گز اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ناموس رسالت کے خلاف ہرزاسرائی کرے۔ کانفرنس سے برکاتی فاؤنڈیشن کے مرکزی ناظم اعلیٰ مفتی وسیم ضیائی نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ناموس رسالت کے قانون میں کسی قسم کی ترمیم کی عوام پاکستان ہر گز اجا زت نہیں دیں گے اور اگر بیرونی اشاروں پر ایسی کوئی ناپاک جسارت کی کوشش کی گئی تو کراچی تا خیبر عاشقان مصطفی ناموس رسالت کے دفاع میں میدا ن عمل میں ہوں گے۔

مفتی وسیم ضیائی نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ غازی ممتاز قادری کا کیس شرعی عدالت میں سنا جائے اور شریعت کے اصولوں کے مطابق شرعی فیصلہ کیا جائے ۔ کانفرنس سے برکا تی فاؤنڈیشن کے مرکزی رہنماء حاجی توفیق نے کہا کہ غازی ممتاز قادری کو رہا کیا جائے کیونکہ یہ مطالبہ اب عوامی آواز بن چکا ہے۔کانفرنس سے مرکزی رابطہ سیکریٹری قاری انور ہجویری ، مولانا شفاعت قادری، ضلع ناظم مولانا اقبال قادری ، مولانا عبدالعلیم قادری ، مفتی نثار نقشبندی، مفتی رضوان قادری، مولانا عبداﷲ کامل ،فخر عالم نورانی مولانا کمال قادری، مولانا زبیر قادری، علا مہ زاہد قادری، مولانا ممتاز چشتی ،مرشد عالم سہروردی اور دیگر علماء نے خطاب و خصوصی شرکت کی۔