وزارت مذہبی امور کا نئی حج پالیسی کی تیاری کیلئے پانچ شہروں میں مشاورتی ورکشاپس منعقد کرنے کا فیصلہ

منگل 10 نومبر 2015 17:03

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء ) نئی حج پالیسی کی تیاری کے لئے وزارت مذہبی امور ملک بھر کے پانچ حاجی کیمپوں میں مشاورتی ورکشاپس منعقد کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ پروگرام کے مطابق یہ مشاورتی ورکشاپس حاجی کیمپ کراچی میں 13نومبر2015ء کو ‘ لاہور میں 21نومبر ‘ پشاور میں 24نومبر‘ اسلام آباد میں 26نومبر اور کوئٹہ میں 30نومبر کو دن 10بجے منعقد ہو گی۔

وزارت مذہبی امور کے جوائنٹ سیکرٹری (حج ) محمد فاروق کے مطابق وزات مذہبی امور آئندہ حج 2016ء کے انتظامات مزید بہتر بنانے اور سابقہ تجربات کی روشنی میں نئی حج پالیسی کی تیاری کے لئے اس سال حج کی سعادت حاصل کرنے والے افراد کے تجربات ‘ تجاویز اور مشوروں سے ا ستفادہ کرے گی اور اس مقصد کے لئے ماہ رواں کے دوران ملک بھر کے پانچ حاجی کیمپوں میں مشاورتی ورکشاپس منعقد کرے گی ۔

(جاری ہے)

وزارت مذہبی امور نے حج سے واپس آنے والے افراد سے در خواست کی ہے کہ وہ ان مشاورتی ورکشاپس میں شرکت کر کے دورانِ حج پیش آنے والی مشکلات، تجربات اور تجاویز کے بارے میں وزارت کو آگاہ کریں تاکہ ان کی آراء کی رو شنی میں2016ء کی حج پالیسی مرتب کی جائے اور حجاج کرام کو حج2016ء کے موقع پر پہلے بہتر سہولیات مہیا کی جاسکیں۔شرکت کے خواہشمند افراد ایک دن قبل متعلقہ حاجی کیمپ کو اپنی شرکت سے متعلق ضرور اطلاع دیں۔ مشاورتی ورکشاپ میں ان کی شرکت رضاکارانہ ہو گی اور کوئی ٹی اے /ڈی اے نہیں دیا جائے گا۔