پاک ترک بزنسمین ایسوسی ایشن کے وفد کا ایف پی سی سی آئی کے ریجنل آفس کا دورہ

منگل 10 نومبر 2015 16:20

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء)پاک ترک بزنسمین ایسوسی ایشن (پی ٹی بی اے )کے وفد نے ڈائریکٹر پبلک ریلشنز نبی توسن کی قیادت میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی )کے ریجنل آفس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پی ٹی بی اے کے ڈائریکٹر پبلک ریلشنز نبی توسن نے ایف پی سی سی آئی، ٹریڈ چیمبر اور ٹریڈ و ایسوسی ایشن کے ممبران کو ترکی میں ہونے والے والڈ ٹریڈ برج 2015ایکسپو کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نمائش میں فوڈ،زراعت،کنسٹرکشن مشینری پیپر اوربورڈ،شوگر،سیمنٹ،کیمیکل،الیکٹرونکس،سوفٹ وئیر ڈویلپمنٹ اور فنانس سیکٹر میں باہمی تجارت کو فروغ دینے کی سرگرمیاں ہو گی اور جس میں دنیا بھر سے برنس کمیونٹی شرکت کریں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے ہم پاکستان میں سرمایہ کاری کو اپنے ملک کی طرح کی محفوظ سمجھتے ہیں اور ہماری سرمایہ داروں کی ٹیم پنجاب خصوصی طور پر لاہور میں مختلف سکیٹر میں سرمایہ کاری کیلئے پاکستان آئی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرریجنل چےئرمین خواجہ ضرار کلیم نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دسمبر میں ترکی میں ہونے والی والڈ ٹریڈ برج ایکسپو میں میں شرکت کیلئے ایف پی سی سی آئی کا 15رکنی وفد جائے گا جس کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گی ہیں۔

ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر حمید اختر چڈھا نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کا ایک قدیم تاریخی اور مذہبی تعلق ہے اور دونوں ممالک او آئی سی اور ای سی او کے ممبر ہیں اور انٹر نیشنل ایشوز پر ایک دوسرے سے مشاورت بھی کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارت کا حجم کم ضرور ہے مگر بہت مثبت طرز میں رواں دواں ہے۔دونوں ممالک کے پاس اپنی تجارت کو فروغ دینے کیلئے بے حد مواقع موجود ہیں۔

ایف پی سی سی آئی کی ریجنل قائمہ کمیٹی برائے امن وامان کے چےئرمین خواجہ خاور رشیدنے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکش سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان میں پیپر اوربورڈ،شوگر،سوفٹ وئیر ڈویلپمنٹ اور فنانس سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے کے بے شمار مواقع موجود ہیں اور ایف پی سی سی آئی ترکش سرمایہ داروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتی ہے۔اجلاس میں محمد یاسین ، جمیل احمد،صدیق الرحمن رانا،اعجاز احمد،اسرار احمد،محمد یونس،اخلاق احمد بٹ،میاں عارف، اسلم بھٹی سمیت دیگر نے شرکت کی۔