فنکشنل لیگ کا بلدیاتی انتخابات میں خیرپور میں 11کارکنوں کی ہلاکت ، دھاندلی کیخلاف احتجاج، ایوان سے واک آؤٹ

منگل 10 نومبر 2015 15:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء) قومی اسمبلی میں منگل کو مسلم لیگ فنکشنل نے بلدیاتی انتخابات کے دوران خیرپور میں گیارہ کارکنوں کی ہلاکت اوردھاندلی کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کیا اس سے قبل نکتہ اعتراض پر مسلم لیگ فنکشنل کے کاظم علی شاہ نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں قیامت تھی خیرپور میں دھاندلی کی گئی ہے، پولیس نے وہاں خود ٹھپے لگائے ہیں، 11 کارکن شہید کئے گئے ان کو ٹارگٹ کر کے مارا گیا، انہوں نے کہا کہ دوسرا مرحلہ فوج کی نگرانی میں کروایا جائے اور کلنگ کے کیس ملٹری کورٹ میں چلائے جائیں، ہم حکومت کے اتحادی ہیں مگر ہمارے حق میں کسی نے کوئی بیان تک نہیں دیا ہے یہ کیا اتحاد ہے؟۔

فنکشنل لیگ کے غوث بخش مہر نے کہا کہ الیکشن اصلاحات ہوئی ہیں مگر لاگو نہیں ہوئی ، شکار پور میں دھاندلی کی گئی ہے ، معلوم ہی نہیں ہو رہا تھا کہ پولنگ سٹیشنوں پر پولیس ہے یا عام آدمی ہے، وہاں جرائم پیشہ افراد پولنگ سٹیشنوں پر موجود تھے، ہمارے بندے مارے جانے پر کسی کو تو حکومت کو پوچھنا چاہئے تھا جو لوگ الیکشن لڑ رہے تھے ان کے رشتہ دار پریزائیڈنگ افسر تھے ہم دھاندلی اور کارکنوں کی ہلاکت کیخلاف واک آؤٹ کرتے ہیں اس کے ساتھ ہی فنکشنل لیگ کے ارکان ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کی نفیسہ شاہ نے کہا کہ میں خیرپور سے ہوں مگر ان کے حلقے سے نہیں ہوں اس سانحہ کی ہم مذمت کرتے ہیں۔تحقیقات کے بعد معلوم ہوگا کہ کون ذمہ دار ہے اگر کوئی سیکیورٹی لیپس ہیں تو جوڈیشل انکوائری کروائی جارہی ہے ذمہ داروں کو سزا ملے گی ، فنکشنل لیگ حقائق آنے کا انتظار کرے ججز اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں جو غیر جانبدار ہیں اگر ججز کہتے ہیں تو اس کیس میں کو ملٹری کورٹ لے جائیں انہوں نے کہا کہ اگردھاندلی کے الزامات ہیں تو الیکشن کمیشن آزاد ہے میرے پاس بھی دھاندلی کی شکایت ہے۔

پیپلز پارٹی کی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ 11 قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں سب نے اس کی مذمت کی ہے، کمیشن کے فیصلے سامنے لائے جائیں، بدین میں حالات کافی خراب ہیں، ڈی آراوز الیکشن کمیشن کے نمائندے ہیں جو کہ اس ضلع کے ڈی سی ہیں اور ان سے سارا بدین تنگ ہے ، ساری دھاندلی ان کے ذریعے صوبائی حکومت کروا رہی ہے، بلدیاتی الیکشن گراس روٹ لیول الیکشن ہے افسوس کہ اپنے ہی ایسا کررہے ہیں۔