سرکاری مکانات پر قابض ریٹائرڈ افسران کو نکالنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، اکرم خان درانی

منگل 10 نومبر 2015 14:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 نومبر۔2015ء) وفاقی وزیر ہاؤسنگ اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں سرکاری مکانات پر قابض ریٹائرڈ افسران کو نکالنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں تاہم عدالتی حکم امتناعی کی وجہ سے مکانات خالی کرانے میں دشواری کا سامنا ہے ۔

(جاری ہے)

ایوان بالا میں سینیٹر خالدہ پروین ، سینیٹر طاہر مشہدی اور سینیٹر طلحہ محمود کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ اسلام آباد میں ریٹائرڈ سرکاری ملازمین سے سرکاری کواٹر خالی کرانے میں دشواری کا سامنا ہے کیونکہ اکثر سرکاری ملازمین نوٹس ملنے کے بعد عدالتوں میں چلے جاتے ہیں انہوں نے بتایا کہ عدالتوں میں ہمارے وکیل کے مقابلے میں بڑے بڑے وکیل سامنے آنے کی وجہ سے ہمیں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ہمارے پاس کوئی ذاتی فورس نہیں ہے اور نہ ہی اسٹیٹ آفیسر کے پاس مکانات خالی کرانے کیلئے مجسٹریٹ اختیارات حاصل ہیں انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ہم نے تجاویز دی ہیں کہ اسٹیٹ افسران کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات دیئے جائیں اس طرح ادارے کو قانونی معاملات میں زیادہ فنڈز فراہم کئے جائیں تاکہ سرکاری کوارٹر اور فلیٹس کو خالی کرایا جاسکے