نشان حیدر حاصل کرنیوالے کیپٹن سرورشہید کا 105 واں یوم ولادت ملی جوش و جذبے سے منایا گیا

منگل 10 نومبر 2015 14:21

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء ) ملک کا سب سے بڑا فوجی اعزاز نشان حیدر حاصل کرنیوالے کیپٹن سرورشہید کا 105 واں یوم ولادت ملی جوش و جذبے سے منایا گیا ۔ 10 نومبر 1910ء کو گوجرخان کے موضع سنگھوی میں پیدا ہونے والے محمد سرور نے 1944ء میں آرمی کے انجیینر کورمیں شمولیت اختیار کی، 1946ء میں انہیں پنجاب رجمنٹ کی بٹالین میں کمپنی کمانڈر مقرر کیا گیااور 1947 ء میں ترقی کرکے کیپٹن بنا دئیے گئے۔

1948ء میں جب وہ پنجاب رجمنٹ کی سیکنڈ بٹالین میں کمپنی کمانڈر کے عہدے پر خدمات انجام دے رہے تھے کہ انہیں کشمیر میں آپریشن پر مامور کیا گیا۔ 27جولائی 1948ء کو انہوں نے کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں دشمن کی اہم فوجی پوزیشن پر حملہ کیا۔ اس حملے میں مجاہدین کی ایک بڑی تعداد شہید اور زخمی ہوئی لیکن کیپٹن سرور نے پیش قدمی جاری رکھی۔

(جاری ہے)

دشمن کے مورچے کے قریب پہنچ کر انہیں معلوم ہوا کہ دشمن نے اپنے مورچوں کو خاردار تاروں سے محفوظ کرلیا ہے، اس کے باوجود کیپٹن سرور مسلسل فائرنگ کرتے رہے۔

کارروائی کے دوران دشمن کی کئی گولیاں ان کے جسم میں پیوست ہوچکی تھیں لیکن انہوں نے بے مثال جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ایسی گن کا چارج لیا جس کا جوان شہید ہو چکا تھا، اپنے زخموں کی پروا کئے بغیر 6ساتھیوں کے ہمراہ انہوں نے خاردار تاروں کو عبور کرکے دشمن کے مورچے پرآخری حملہ کیا۔کیپٹن سرور شہید کی شاندار خدمات کے اعتراف میں جہاں انہیں مختلف اعزازات سے نوازا گیا وہیں انہیں ملک کے اعلیٰ ترین عسکری اعزاز نشان حیدر پانے والے پہلے فوجی ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔