میکسیکو‘ مرغوں کی لڑائی کے دوران فائرنگ سے 10افراد ہلاک

منگل 10 نومبر 2015 14:10

میکسیکو سٹی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 نومبر۔2015ء) وسطی میکسیکو کی ریاست گوریرو میں مرغوں کی لڑائی کے دوران ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں دس افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ سات افراد زخمی ہوئے ہیں۔ کواجینی کوئیلاپا نامی قصبے میں پیش آنے اس واقعے میں ایک بارہ سالہ لڑکا بھی ہلاک ہوا ہے جو مرغوں کی لڑائی دیکھنے میں مشغول تھا۔

”بی بی سی“ کی رپورٹ کے مطابق واقعے بارے موصول ہونے والی اطلاعات میں تضاد پایا جاتا ہے، کچھ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ مرغوں کے لڑائی کے دوران دو حریف گروپوں کے درمیان ہوا جبکہ کچھ اطلاعات یہ ہیں کہ مرغوں کی لڑائی کے دوران کہیں اور سے آنے والے مسلح افراد نے فائرنگ کی۔ ”اے ایف پی“ نے مقامی حکام کے حوالے سے کہا ہے کہ مرغوں کی لڑائی دیکھنے کے دوران دو گروہوں کے درمیان بحث و تکرار شروع ہوئی جس کے نتیجے میں فائرنگ ہونے لگی مگر مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے موقعہ پر پہنچ کر فائرنگ کر دی جس کے باعث دس افراد ہلاک اور سات زخمی ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ بھی کہا گیا کہ حملہ آوروں نے کسی خاص شخص کو نشانہ بنا کر فائرنگ نہیں کی بلکہ یہ اندھا دھند فائرنگ کا واقعہ تھا۔ واضح رہے کہ گوریرو بدامنی کے حوالے سے ملک کی سب سے خطرناک ریاست ہے جہاں میکسیکو کے طاقتور جرائم پیشہ گروہ سرگرم ہیں اور اس مسئلے کی سنگینی کا وسیع پیمانے پر انکشاف اس وقت ہوا تھا جب گزشتہ برس لگوآلا نامی قصبے سے 43طالب علموں کو غائب کر دیا گیا تھا