پاکستان اور بیلا روس مابین 6ماہ میں اعلیٰ سطح پر رابطے ہوئے‘توقع ہے کہ بیلا روس کے وزیراعظم کے دورہ سے تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی‘بیلا روس کے سرمایہ کاروں کا پاکستان میں خیر مقدم کرینگے ‘بیکوف کے دورے سے پاکستان اور بیلا روس کے درمیان طے شدہ نکات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی ‘نواز شریف

منگل 10 نومبر 2015 14:09

پاکستان اور بیلا روس مابین 6ماہ میں اعلیٰ سطح پر رابطے ہوئے‘توقع ہے ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 نومبر۔2015ء) پاکستان اور بیلا روس کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ،سفارتخانوں کیلئے زمین فراہم کرنے، تعلیم، صحت، سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے 18سمجھوتے طے پا گئے، وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان گزشتہ چھ ماہ میں اعلیٰ سطح پر رابطے ہوئے،توقع ہے کہ بیلا روس کے وزیراعظم کے دورہ پاکستان سے تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی،بیلا روس کے سرمایہ کاروں کا پاکستان میں خیر مقدم کریں گے، وزیراعظم آندرے کوبیکوف کے دورے سے پاکستان اور بیلا روس کے درمیان طے شدہ نکات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی جبکہ بیلا روس کے وزیراعظم آندرے کوبیکوف نے کہاکہ زراعت کے شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کریں گے، باہمی تجارت کا حجم بھرپور صلاحیت تک بڑھائیں گے، زراعت، انفراسٹرکچر، معدنیات، تیل و گیس کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھائیں گے،پاکستان بیلا روس دوستی زندہ باد، دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں پر دستخط اور تعلقات مستحکم کرنے کا عزم ہے۔

(جاری ہے)

وہ پاکستان اور بیلا روس کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے سمجھوتوں اور وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد مشترکہ نیوز کانفرنس کر رہے تھے۔قبل ازیں وزیراعظم ہاؤس میں بیلا روس کے وزیراعظم آندرے بیکوف کواستقبالہ دیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے معزز مہمان کا استقبال کیا، معزز مہمان کو وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔

جس کے بعد وزیراعظم نواز شریف اور بیلا روس کے ہم منصب کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا جائزہ لیا، دونوں وزرائے اعظم نے توقع ظاہر کی کہ اعلیٰ سطح رابطوں کا فروغ پاکستان اور بیلا روس کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہو گا۔

ملاقات کے بعد پاکستان اور بیلا روس کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، جس میں وزیراعظم نواز شریف نے پاکستانی وفد کی قیادت کی جبکہ بیلا روز کے وفد کی قیادت وزیراعظم آندرے کوبیکوف نے کی۔ مذاکرات میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارت، زراعت، صحت، تعلیم، ثقافت، معیشت اور سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔

مذاکرات میں کسٹمز کے شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادے پر بھی غور کیا گیا۔ مذاکرات کے بعد پاکستان اور بیلا روس کے درمیان سمجھوتوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب ہوئی۔ وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بیلا روس کے ہم منصب نے تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے 18سمجھوتے طے پائے، دونوں ملکوں کے درمیان تجارت، معیشت، زراعت ، صحت اور تعلیم کیلئے تعاون بڑھانے کے معاہدے طے پائے، اسلام آباد اور منسک میں سفارتخانوں کیلئے زمین فراہم کرنے کا معاہدہ طے پایا، دونوں ملکوں کے وزرائے اعظموں نے اراضی کے معاہدے پر دستخط کئے۔

پاکستان اور بیلا روس کے اقتصادی تعاون کے فروغ کیلئے روڈ میپ کے معاہدے پر بھی دستخط کئے گئے۔وزیراطلاعات و نشریات سینیٹرپرویز رشید اور بیلا روس کے نائب وزیرخارجہ نے معاہدے پر دستخط کئے، جس کے بعد دونوں میں دستاویزات کا تبادلہ بھی ہوا، انسانی بنیادوں پر تعاون کا روڈ میپ 2015سے 2020تک کا ہے۔ دونوں ممالک میں ویٹرنری اور سینٹری شعبے میں تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے،

وفاقی وزیر سکندر حیات بونس اور ان کے بیلا روسی ہم منصب نے دستاویز کا تبادلہ کیا۔

منسک یونیورسٹی اور انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز میں تعاون کے معاہدے پر دستخط کئے گئے، مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور بیلا روس کے وزیراعظم نے دستاویز کا تبادلہ کیا، دونوں ممالک میں تعلیم کے شعبے میں تعاون کیلئے بھی معاہدے پر دستخط کئے گئے، وزیرمملکت بلیغ الرحمان اور بیلا روس کے وزیرتعلیم نے دستاویز کا تبادلہ کیا، دونوں ممالک کی وزارت صحت کے درمیان تعاون کے معاہدے پر بھی دستخط ہوئے، وزیرمملکت سائرہ افضل تارڑ اور بیلا روز کے نائب وزیرخارجہ نے دستاویز کا تبادلہ کیا،بریسٹ ریجنل ایگزیکٹو کمیٹی بیلا روس اور حکومت بلوچستان میں تعاون کے سمجھوتے پر بھی دستخط کئے گئے، چیف سیکرٹری بلوچستان اور کمیٹی کے نائب چیئرمین نے دستاویزات کا تبادلہ کیال، وٹ بسک ریجن اور کے پی کے حکومت میں تعاون کیلئے مفاہمت پر بھی دستخط کئے گئے، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور کمیٹی کے چیئرمین نے دستاویز کا تبادلہ کیا،موگی لیف لہرکی ایگزیکٹو کمیٹی اور ضلعی حکومت لاہور کے درمیان تعاون کا معاہدہ ہوا، دونوں شہروں میں تجارتی، اقتصادی، سائنسی و ثقافتی روابط قائم کئے جائیں گے، حکومت سندھ اور گومیل ریجنل ایگزیکٹو کمیٹی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے، چیف سیکرٹری سندھ اور کمیٹی کے نائب چیئرمین نے مفاہمت پر دستخط کئے،بیلا روسین چیمبر اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے، اسلام آباد چیمبر کے صدر اور بیلا روسی ہم منصب نے دستاویز کا تبادلہ کیا، بریسٹ برانچ اور کراچی چیمبر آف کامرس کے درمیان تعاون کے معاہدے پر بھی دستخط کئے گئے، کراچی اور بیلا روس کے چیمبر آف کامرس کے صدور نے دستخط کئے، بیلا روس کی موگی لیف برانچ اور لاہور چیمبر آف کامرس کے درمیان تعاون کے معاہدے پر دستخط کئے گئے،معاہدوں پر دستخط کی تقریب کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے اپنے بیلا روسی ہم منصب آندرے کوبیکوف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ بیلا روس کے وزیراعظم کو دورہ پاکستان پر خوش آمدید کہتا ہوں، دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ چھ ماہ میں اعلیٰ سطح پر رابطے ہوئے، توقع ہے کہ بیلا روس کے وزیراعظم کے دورہ پاکستان سے تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔ انہوں نے کہا کہ میرے دورہ بیلا روس سے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ ملا،دونوں ملکوں میں تعاون کیلئے کئی اہم اقدامات پر اتفاق ہوا ہے،وزیراعظم آندرے کوبیکوف سے تجارت، سرمایہ کاری، معیشت سمیت مختلف شعبوں پر تعاون میں تبادلہ خیال ہوا، علاقائی اور عالمی معاملات پر بھی بیلا روس کی قیادت سے بات چیت ہوئی۔

متعلقہ عنوان :