محکمہ زراعت زمینداروں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کررہا ہے‘ڈائریکٹر جنرل زراعت آزاد کشمیر

منگل 10 نومبر 2015 13:41

پلندری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء) ڈائریکٹر جنرل زراعت آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد بشیر بٹ نے کہا ہے کہ محکمہ زراعت زمینداروں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کررہا ہے ۔و ہ وقت دور نہیں جب آزاد خطہ کو زرعی مصنوعات میں خود کفیل بنا دیا جائے گا ۔فروغ ایگری بزنس منصوبہ کے تحت آزاد کشمیر کے دور دراز علاقوں میں زرعی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے لوگوں نے اپنی زمینوں پر توجہ دینا شروع کر دی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پلندری کے مقام پر فروغ ایگری بزنس منصوبہ کے تحت زمینداروں میں مارک اپ کے چیکس کی تقسیم اور فراہمی ٹریکٹرز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر ایگری بزنس راجہ ظہیر اقبال ،زونل چیف بینک آف آزاد جموں وکشمیر سردار امتیاز خان،ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت سدھنوتی راجہ الیاس ،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ سردار بابر رزاق کے علاوہ زمینداروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

ناظم اعلیٰ زراعت نے کہا کہ زراعت ایک مقدس پیشہ ہے جس کے فروغ کے لئے محکمہ زراعت انقلابی اقدامات اٹھا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ زمیندار اپنی بنجر زمینوں کو آباد کرنے کی طرف توجہ دیں محکمہ ہمہ وقت ان کی بھرپور معاونت کیلئے تیار ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ کا فیلڈ سٹاف زمینداروں کو بھرپور تکنیکی معا و نت فراہم کرے تا کہ زیادہ سے زیادہ زرعی پیداوار حاصل کی جا سکے ۔ فروغ ایگری بزنس پراجیکٹ کے تحت زمینداروں کو بلا سود زرعی قرضہ جات فراہم کیے جا رہے تا کہ ان کی معا شی حالت کوبہتر بنایا جا سکے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصبوبہ کے تحت زمینداروں کو ٹریکٹر بھی فراہم کیے جارہے ہیں تا کہ وہ اپنی بنجر زمینوں کو آباد کریں اور ریاست میں معاشی استحکام پیدا ہو اور لوگوں کا معیار زندگی بلندہو ۔ تقریب کے آخر میں زمینداروں میں ٹریکٹرز اور مارک اپ کے چیکس تقسیم کیے گئے ۔