پاکستانی پروفیسر نے اقوام متحدہ کا ابن سینا ایوارڈ برائے اخلاقیاتی سائنس جیت لیا

منگل 10 نومبر 2015 13:22

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 نومبر۔2015ء) پاکستانی پروفیسر ضابطہ خان شنواری نے ابن سینا ایوارڈ جیت لیا۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کا ادارہ یونیسکو ابن سینا ایوارڈ برائے اخلاقیاتی سائنس ہر سال جاری کرتا ہے اور اس مرتبہ 2015ء کا ایوارڈ بائیو ٹیکنالوجی اور بائی ایتھیکس کے پاکستانی پروفیسر ضابطہ خان شنواری نے حاصل کر لیا۔

ایوارڈ گولڈ میڈل‘، سرٹیفکیٹ اور دس ہزار امریکی ڈالر پر مشتمل ہے۔ڈائریکٹر جنرل یونیسکو ارنا بوکووا اور بین الاقوامی اسکالرز و ایتھیسسٹ کی جیوری نے انہیں ایوارڈ کے لئے منتخب کیا۔ جیوری نے پروفیسر شنواری کو منتخب کرنے کی وجہ سائنسی تحقیق، تعلیم، تنظیم اور سائنسی اخلاقیات کے شعبوں میں ان کی غیرمعمولی لگن اور جدوجہد کو قرار دیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ تقریب میں ایران کے وزیر برائے سائنس، ریسرچ اور ٹیکنالوجی محمد فرہادی، یونیسکو میں ایران کے مستقل مندوب اور سفیر احمد جلالی، یونیسکو اے وی سینا ایوارڈ ایتھیکس سائنس 2015ء کی بین الاقوامی جیوری کی چیئرپرسن، ورلڈ کمیشن برائے ایتھیکس آف سائنٹیفک نالج اینڈ ٹیکنالوجی (سی اوایم ای ایس ٹی) یونیسکو کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل برائے سوشل اینڈ ہیومن سائنسز نادا النشف نے بھی شرکت کی۔

پروفیسر ضابطہ خان شنواری کو پیرس میں یونیسکو کے ہیڈکوارٹرز میں منعقد تقریب میں ایوارڈ سے نوازا گیا۔ خیال رہے کہ سائنسی اخلاقیات کے لئے ایوارڈ کا مقصد سائنس کے شعبے میں کام کرنے والے افراد اور اداروں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نئی ایجادات، دریافت اورمختلف پیچیدہ سوالات کے جوابات تلاش کرنا ایسے مقاصد ہیں جو یونیسکو کی ترجیحات میں شامل ہیں۔